سرینگر//شہید گنج کے تاجرں نے سڑک کو بند کرنے کیخلاف احتجاج کیا اور دکانیں بند کیں۔ کے این ایس کے مطابق جمعرات کو شہید گنج کے تاجروںنے دکانیں بند کرکے محکمہ ٹریفک کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجی دکانداروں کا الزام ہے کہ محکمہ ٹریفک رکاوٹیں کھڑا کرکے ٹریفک کونیلم سنیما کے راستہ جانے کی اجازت دیتے ہیں جس کے باعث اُن کی تجارت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ شہید گنج ٹریڈرس فیڈریشن کے صدر راجہ فدا حسین خان نے کے این ایس نمائندے کو بتایا کہ دکاندار طبقہ گزشتہ 2برسوں سے سڑک بند رکھنے سے مصائب کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ’ہم پہلے ہی 2014سے نقصان سے دوچار ہیں اور اگر خریدار ہمارے بازار سے نہیں گزرے گے تو ہم روزمرہ کی تجارت کیسے کرینگے‘‘۔ انہوںنے کہاکہ یہ Diversionنہیں ہے بلکہ آسان لفظوںمیں سڑک بند کرنا ہے۔ ٹریڈرس صدر نے مزید کہاکہ ’’200دکانداروں کے کندھوں پر کنبوں کی ذمہ داری ہے اور اگر یہ سڑک معمول کے مطابق نہیں کھلی رہے گی تو ہم کیسے زندگی بسر کرسکتے ہیں‘‘۔ انہوںنے کہاکہ اگر سرینگر میں دکاندار ہونا کوئی جرم ہے تو ہمیں ایک بار ہی سزا دی جائے نہ کہ باربار‘‘۔ راجہ فدا حسین نے کہاکہ سابق آئی جی ٹریفک بسنت رتھ انفرادی طور پر ہی پورے شہر میں ٹریفک کے نظام کو سنبھالتا تھا لیکن اب ٹریفک پولیس فقط بیریکیڈس استعمال کرکے سڑک کو بند کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ مظاہرہ اور ہڑتال اس لئے کی گئی ہے کہ اعلیٰ حکام تک دکانداروں کی مشکلات اُن تک پہنچ جائیں۔ انہوںنے کہاکہ ’’ہمیں پتہ نہیں چلتا کہ جہانگیر چوک کی وجہ سے ایک مارکیٹ کو کیوں یرغمال بنایاجارہاہے اور جب متعلقہ محکمہ سے اس بارے پوچھا جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ جہانگیر چوک میں ٹریفک جام ہے‘‘۔ ٹریڈرس صدر نے کہاکہ صبح9بجے سے لے کر شام5یا 6بجے تک ٹریفک بند رکھتے ہیں پھر اس بیچ 3یا 4گھنٹے کی مہلت دیتے ہیں اور اس اعتبار سے ٹریفک کو کھلا چھوڑتے ہیں، ساڑھے 12بجے بند کرتے ہیں اور پوچھنے پر بتاتے ہیں کہ جہانگیر چوک میں ٹریفک زیادہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ’’ہمیں یہ سمجھ نہیں آرہا ہے کہ سرینگر کے لوگ، شہر کے باشندے، شہرے کے دکانداروں نے کون سے گناہ کئے ہیں ، کیا شہر میں رہنا سخت ہوگیا ہے ، اب اگر ایسا ہے تو ہمیں کسی اور جگہ منتقل کیاجائے اور اس مصیبت سے ازالہ دلایاجائے‘‘۔ ٹریڈرس صدر نے کہا کہ 2014میں سیلاب، پھر کورونا وائرس کی وجہ سے ان کی تجارت بری طرح متاثر ہوئی اور اب رہی سہی کثر ٹریفک Diversionکی وجہ سے نکل رہی ہے۔ انہوںنے آئی جی ٹریفک سے گزارش اور اپیل کی کہ دکانداروں کو اس مصیبت سے خلاصی دلائی جائے تاکہ وہ معمول کے مطابق اپنا روزگار کما سکے۔










