ملزم کیخلاف سب جج پٹن کی عدالت میں چارج شیٹ پیش:کرائم برانچ کشمیر
سرینگر//کرائم برانچ کشمیر نے بدھ کے روز کہا کہ اس نے ایک ملزم کیخلاف حج کے خواہشمندمیاں بیوی کو جعلی اور غلط ویزے فراہم کرنے اور ان کے رقومات اینٹھنے کے الزام میں چارج شیٹ پیش کی ۔جے کے این ایس کے مطابق کرائم برانچ کشمیر کے جاری کردہ ایک بیان میں ایک ترجمان نے کہا کہ کرائم برانچ کشمیر نے تھانہ کرائم برانچ کشمیر کے مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر17/2018تحت سیکشن 420آر پی سی کی چارج شیٹ ، سب جج پٹن کی عدالت میں پٹن بارہمولہ کے حامد اللہ میر کے خلاف حج کے خواہش مندوں کو دھوکہ دینے کے الزام میں پیش کی۔ کرائم برانچ کشمیر کو ایک شہری غلام رسول کھانڈے ساکنہ پٹن بالا کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی ، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اور اس کی بیوی حج کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس مقصد کیلئے اس نےM/S Kaba Tour and Travels and Travels کے حمید اللہ میرساکنہ نیورن پٹن سے رابطہ کیا اور ویزاوہوائی ٹکٹ اور حرمین شریف میں رہائش اور ان کیلئے دیگر متعلقہ سہولیات کے انتظام کیلئے اُس کومبلغ 3لاکھ80ہزار روپے ادا کئے۔شکایت کنندہ نے اپنی تحریری شکایت میں لکھا ہے کہ ملزم نے اُنہیں فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جانے کے لئے ویزا فراہم کیا اور اس کے مطابق وہ 16ستمبر2016 کو حج کے لئے روانہ ہوئے ، لیکن انہیں دہلی ایئرپورٹ پر روک دیا گیا اور انہیں اس بنیاد پر آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی کہ ان کے ویزے غلط ہیں اوریہ ویزے حج وعمرہ کیلئے نہیں ہیں۔کرائم برانچ کشمیر نے بتایاکہ ان پاسپورٹس اور ویزے کی جانچ پڑتال کرائی گئی اوریہ جعلی اور جھوٹے نکلے۔ اس بناء پر ، ایف آئی آر نمبر17/2018تحت سیکشن 420آرپی سی ایک کیس پولیس تھانہ کرائم برانچ کشمیر میں درج کیا گیا تھا اور تحقیقات عمل میں لائی گئی ۔کرائم برانچ کشمیر کے بیان میں لکھا گیا ہے کہ ملزم کے خلاف عائد الزامات کی تحقیقات کے دوران یہ بھی ثابت کیا گیا کہ ملزم نے پٹن کے علاقے سے تعلق رکھنے والے دیگر حج خواہش مندوں کو دھوکہ دیا تھا۔ بیان میں لکھا گیا ہے کہ ملزم حامد اللہ میر کے خلاف دفعہ 420 آر پی سی کے تحت جرم ثابت ہوچکا ہے اور اس کے مطابق چارج شیٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی۔










