موہن بھاگوت2،اکتوبر کوجموں یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں سیمینار سے خطاب

سری نگر//راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت آج یعنی30 ستمبر سے جموں کا 4روزہ دورہ کریں گے۔جے کے این ایس کے مطابق ایک میڈیارپورٹ میں آر ایس ایس ذرائع کاحوالہ دیتے ہوئے بتایاگیاہے کہ جموں میں اپنے 4 روزہ قیام کے دوران موہن بھاگوت کئی پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ذرائع کے مطابق آر ایس ایس کی روایت کے مطابق سنگھ کے سربراہ ہر سال سرسنگھ چالک اور سرکاریاوا تنظیمی کام کے حصے کے طور پر ملک کے تمام صوبوں کا سفر کرتے ہیں اور نمایاں شخصیات کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تشکیل کے بعد سے ، یہ آر ایس ایس میں ایک مشق وعمل ہے کہ سرسنگھ چالک اور سرکاریاواہ تنظیمی کام کے سلسلے میں ہر صوبے کا دورہ کرتے ہیں۔آر ایس ایس ذرائع نے کہاکہ اس سال ، کوروناوباء کے بعد پہلی بار آرایس ایس سربراہ کاجموں و کشمیر کا دورہ طے کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل 2016 میں وہ جموں پہنچے تھے۔مختلف اندرون خانہ تنظیمی اجلاسوں کے علاوہ ، موہن بھاگوت 2 اکتوبر کو جنرل زورور سنگھ آڈیٹوریم ، جموں یونیورسٹی میں ایک سیمینار سے خطاب کریں گے۔3، اکتوبر کو وہ جموں و کشمیر میں آن لائن موڈ کے ذریعے سنگھ کے سویم سیوک سے خطاب کریں گے۔سوئم سیوک آن لائن ایڈریس سننے کے لئے منڈل اور بستی سطح پر جمع ہوں گے۔ذرائع کے مطابق موہن بھاگوت راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ، جموں اور کشمیر صوبے کی ٹیم کیساتھ بات چیت کریں گے اور جموں و کشمیر میں آر ایس ایس کی طرف سے شروع کئے گئے مختلف منصوبوں بشمول سیوا ، تعلیم ، عوامی آگاہی، سماجی مساوات ، صحت ، دیہی ترقی ، ماحولیات و پانی کے تحفظ وغیرہ کا جائزہ لیں گے۔