سری نگر//محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی ہے کہ مغربی ہوائیںیکم اکتوبر سے جموں وکشمیرکومتاثر کرسکتی ہیں ۔ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کے اختتام تک موسم مجموعی طورپرخشک رہنے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ 28ستمبر کوجموںوکشمیرمیں کچھ مخصوص مقامات پرگرج چمک کیساتھ ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں ۔اس دوران سنیچر کے روز شہر سری نگرسمیت پوری کشمیروادی میں مطلع صاف رہا اوردن کے وقت درجہ حرارت 27ڈگری کے آس پاس رہا،تاہم صبح اورشام کے وقت درجہ حرارت میں کمی کے باعث اہلیان وادی تھوڑی سردی محسوس کرنے لگے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق سنیچر کے روز صبح سے ہی پوری کشمیروادی میں مطلع صاف رہا ،اوردن بھر دھوپ نکلی ۔سری نگرمیں دوپہر کے وقت درجہ حرارت 27ڈگری کے آس پاس رہا جبکہ وادی کے دوسرے علاقوںواضلاع میں بھی کھلتی دھوپ کے بیچ درجہ حرارت اوسطاً25ڈگری سیلشیس کے قریب ریکارڈکیا گیا۔ادھر سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات کی جانب سے سنیچر کوجاری ایک موسمیاتی ایڈوائزری میں کہاگیاکہ جموں وکشمیرمیں رواں ماہ کے آخرتک موسمی صورتحال جوں کی توں یعنی مجموعی طورپرخشک رہے گی ۔محکمہ موسمیات کے بیان میں کہاگیاکہ رواں مہینے کے اختتام تک زیادہ تر خشک موسم متوقع ہے۔ تاہم 28 ستمبر کو چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔بیان میں کہاگیا کہ چونکہ یہ فصل کاٹنے یاجمع کرنے کا موسم ہے ، تولوگ یعنی زمیندار اورکسان اگلے 3 دنوں کے دوران بغیر کسی رکاوٹ کے اپنا کام انجام دے سکتے ہیں کیونکہ بارش ہونے کا کم سے کم امکان ہوگا۔محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہ مغربی ہوائیں یکم اکتوبر سے جموں وکشمیرکومتاثر کرسکتی ہیں۔بیان کے مطابق ابھی مغربی ہوائوں کااثر مضبوط نہیں ہونے والا ہے ، تاہم ، کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔










