جموں//صوبہ جموںکے ضلع اودھم پور کے شیو گڑھ دھر علاقے میں منگل کی صبح فوج کاایک چیتا ہیلی کاپٹرایک جنگل میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار دونوں پائلٹ جاں بحق ہو گئے ۔جے کے این ایس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ضلع اودھم پور کے شیو گڑھ دھر علاقے میں بھارتی فوج کا ایک چیتا ہیلی کاپٹر بظاہر تکنیکی خرابی پیدا ہونے یااس علاقے میں گہری دھند ہونے کے سبب گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں جہاز کے دونوں پائلٹ شدید زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھے۔مہلوک پائلٹوں کی شناخت میجر روہت کمار اور میجر انوج راجپوت کے طور پر کی گئی ہے۔جموں میں فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ فوج کے چیتا ہیلی کاپٹر کو حادثہ ضلع ادھم پورہ کے پتنی ٹاپ علاقے میں تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا ہے۔ موصوف ترجمان نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے کے بعدبچائو کارروائی شروع کی گئی اورایک جنگل میں گرکرتباہ ہوئے ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹوں کو نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا ۔اس دوران ذرائع نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کے بعد وہاں مقامی لوگ اور فوجی اہلکار پہنچے جنہوں نے زخمی پائلٹوں کو چارپائیوں میں اٹھا کر قریبی طبی مرکز منتقل کیا۔ فوج کے ایک ترجمان کا کہنا تھاکہ دونوں زخمی پائلٹوں کواودھم پورمیں قائم فوجی اسپتال منتقل کیا گیالیکن بدقمستی سے دونوں پائلٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے ۔اُدھرضلع مجسٹریٹ اودھم پور اندو کنول چب نے ایک میڈیا ادارے کو بتایا کہ ہم اس حادثے سے متعلق حقائق کا پتہ لگا رہے ہیں۔اسے قبل اودھم پور ریاسی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سلیمان چودھری نے بتایاتھا کہ ہمیں اس واقعے کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی اور ٹیموں کو جائے واردات کی طرف روانہ کیا گیا ۔اس سے قبل 3 اگست کو ضلع کٹھوعہ کے بھسولی علاقے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر رنجیت ساگر ڈیم میں گر کر تباہ ہوا تھا۔










