8 ماہ تک غیر قانونی خانہ نظر بندرکھنے پر مظفر شاہ نے عدالتِ مجاز میں

تاجر مخالف فیصلوں کو واپس لیاجائے: مظفر شاہ

سری نگر//عوامی نیشنل کانفرنس نے جموںمیں دی گئی ہڑتال کال کی حمایت کرتے ہوئے تاجروں کے مفادات کو تحفظ دینے کی مانگ کی ہے۔ کے این ایس کے مطابق عوامی نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر مظفر شاہ نے کہا ہے کہ جموں میں ریلائنس کمپنی کے 100ریٹیل مراکز کھولنے کیلئے بھاجپا کی سربراہی والی انتظامیہ کی مبینہ تاجر مخالف اور عوام مخالف اقدام کے خلاف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے آج جموں بند کی جو کال دی ہے، اُن کی پارٹی اِس کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیر کے مفادات کے تحفظ کیلئے عوامی نیشنل کانفرنس پوری قوت کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ نئی دہلی سے جاری بیان میں مظفر شاہ نے کہا کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ انتظامیہ تاجر اور غریب مخالف پالیسیوں کو روکے گی اور عوام مخالف کارروائیوں سے باز رہ کر آمرانہ طرز عمل سے اجتناب کرکے مثبت قدم اٹھا ئے گی اور جموںوکشمیر کے لوگوں کے مفادات کو ٹھیس نہ پہنچانے کی کارروائیوں سے پرہیز کرے گی۔ مظفر شاہ نے کہاکہ تجارت و صنعت کے بنیادی مفادات کے خلاف لئے گئے سخت فیصلوں کو واپس لیاجائے۔ عوامی نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر سردار گیان سنگھ اور جموں صوبہ لیڈرشپ نے چھوٹے، درمیانہ اور خود ملازمت والے دکانداروں، پرچون تاجروں سے مکمل حمایت اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آج یعنی22ستمبر کو پورے جموں صوبہ میں دی گئی بند کال کی بھرپور طریقے سے اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وہ 100ریلائنس سٹور کھولنے کے خلاف ہے اور ان مراکز کے کھولنے سے ہزاروں لوگوں کی روزی روٹی چھن کر خطہ جموں کے غریب طبقہ کی کمر ٹوٹ جائے گی۔ عوامی نیشنل کانفرنس نے کہاکہ وہ احتجاج کررہی انجمنوں کو تمام ممکنہ تعاون اور اظہار یکجہتی کرے گی۔