Union MOS for Industries, Commerce visits Ganderba

مرکزی وزیر مملکت صنعت و حرفت نے گاندر بل کا دورہ کیا

گاندر بل//مرکزی وزیر مملکت برائے صنعت و حرفت سوم پرکاش نے مرکزی حکومت کے عوامی آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت گاندر بل ضلع کا دورہ کیا ۔ دورے کے دوران وزیر نے 279.83 لاکھ روپے کی لاگت والے پی ایم کئیر فنڈ کے تحت قائم ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندر بل میں نصب 1000 ایل پی ایم صلاحیت کے میڈیکل آکسیجن پلانٹ کا افتتاح کیا ۔ دریں اثنا وزیر نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ایک تعریفی اجلاس کی صدارت کی اور ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں اور سکیموں پر پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے کووڈ تخفیف کی کوششوں ، ویکسی نیشن ، فلاحی سکیموں پر عملدرآمد اور ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں /کاموں کی رفتار کے حوالے سے قابلِ تحسین کام کی تعریف کی ۔ انہوں نے افسران کو مشورہ دیا کہ وہ مثبت رویہ کے ساتھ کام کریں اور ضلع کی ہمہ جہت ترقی کیلئے بغیر کسی جانبداری یا امتیاز کے لگن اور ایمانداری کو شامل کریں ۔ ضلع میں مختلف فلیگ شپ سکیموں کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کا خواب ہے کہ وہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کو بنیادی ضروریات فراہم کرے اور ان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کام کرے جیسا کہ آیوشمان بھارت ، سب کیلئے مکان ، ایس بی ایم ، پی ایم اے وائی ، کے سی سی ، پی ایم ایس وائی ایم اور بہت کچھ پہلے ہی جناب نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت نے جموں و کشمیر میں شروع کیا ہے ۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کریتکا جیوتسنا نے ضلع میں ترقیاتی سرگرمیوں کا مختصر جائیزہ پیش کیا ۔ انہوں نے وزیر کو ضلع میں کووڈ تخفیف کی کوششوں اور مختلف فائدہ مند اسکیموں پر پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ دریں اثنا وزیر نے ڈی ڈی سی کے وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت ڈی ڈی سی چئیر پرسن گاندر بل نزہت اشفاق ، بی ڈی سی ، یو ایل بی اور پی آر آئی نے کی جنہوں نے اپنے متعلقہ علاقوں کی ترقی سے متعلق مختلف مطالبات پیش کئے ۔ وفد کے ارکان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر یو ٹی میں عوامی آؤٹ ریچ کا اقدام حکومت اور عوام کے درمیان فاصلے کو کم کرنے اور مقامی لوگوں کی ضروریات کو جاننے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت دور دراز اور پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ پورے یوٹی کی ترقی کی طرف سرشار توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے پی آر آئی سے کہا کہ وہ باقاعدگی سے لوگوں سے ملیں اور مقامی نوجوانوں میں اسکل ڈیولپمنٹ پروگراموں ، نئی صنعتی پالیسی اور مالی امداد کی اسکیموں کے بارے میں آگاہی پیدا کریں جو کہ گاؤں کی سطح پر ترقی کو یقینی بنانے کے مقصد سے شروع کی گئی ہیں ۔ انہوں نے اس سلسلے میں منتخب نمائندوں اور سول انتظامیہ کے درمیان بہتر تعاون کی خواہش ظاہر کی اور ہر ایک پر زور دیا کہ وہ پوری قوم اور بالخصوص جموں و کشمیر کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ قبل ازیں وزیر نے ماتا کھیر بھوانی مندر تلمولہ کے درشن کئے جہاں انہوں نے سب کی خوشی ،خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے پرارتھنا کی ۔ اجلاس میں دیگر لوگوں کے علاوہ ایس ایس پی گاندر بل سہیل منور میر ، اے ڈی ڈی سی ، اے ڈی سی ، ایس ڈی ایم کنگن ، اے سی آر ، سی پی او اور دیگر متعلقہ افسران اور حکام نے شرکت کی ۔