سری نگر//متعدد وَفود اور اَفراد نے سول سیکرٹریٹ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان سے ملاقات کی اورکئی محکموں سے متعلق عوامی اہمیت کے مختلف مسائل گوش گزار کئے۔مشیر موصوف نے وفود کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے اُنہیںیقین دِلایا کہ ان کی جانب سے پیش کردہ مسائل کو بروقت حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ تمام محکموں اور اَفسران کو ہدایات پہلے ہی دی جاچکی ہیںکہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگوں کو بنیادی سہولیات کی آسانی سے رسائی حاصل ہو۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ مختلف ترقیاتی اِقدامات کی عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے بھی ہدایات دی گئی ہیں۔مشیر بصیر خان نے سری نگر ، گاندربل ، سوپور ، اننت ناگ اور دیگر علاقوں کے وَفود اور اَفراد سے ملاقات کی جنہوں نے صنعتوں ، پی ڈی ڈی ، پنچایت راج ، دیہی ترقی، سیاحت ، فلوری کلچر او ردیگر شعبوں سے متعلق کئی مسائل اُٹھائے اور اِن مسائل کے جلد ازالے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر اِنتظامیہ کی مداخلت طلب کی۔مشیر موصوف نے انہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو حل کرنے کے لئے غور کیا جائے گا۔ لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اَٹھارٹی کے ملازمین کے ایک وفد نے مشیر موصوف سے ملاقات کی اور کئی مسائل مشیرموصوف کو گوش گزار کئے۔کئی اَفراد نے مختلف شعبوں سے متعلق اَپنے اِنفرادی معاملات بھی اُٹھائے۔کچھ معاملات میں مشیر موصوف نے اَفسران کو شکایات کے ازالے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔










