Manooj sinha

پڑھے لکھے افراد لوگوں میں حصول تعلیم اورجدیدعلوم کی اہمیت کوپھیلائیںـ :لیفٹنٹ گورنر

سرینگر//عالمی یوم خواندگی ہر سال 8 ستمبر کو منایا جاتا ہے اور دنیا بھر میں افراد ، برادریوں اور معاشروں کی خواندگی کی اہمیت پر بہت زور دیا جاتا ہے۔اس دن کے حوالے سے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے ایک پیغام میں کہاکہ تعلیم ہی واحد ذریعہ ہے جو ہمیں جہالت کے اندھیروں اور پسماندگی کی رکاوٹوں سے نجات دلاتی ہے۔ادھر عالمی ادارے یونیسکو کا کہنا ہے کہ ہمیں سب کیلئے خواندگی اور ڈیجیٹل مہارت کو بڑھانے کی کوششیں تیز کرنی چاہیں۔یونیسکو نے مزیدکہاکہ تعلیم پڑھنے لکھنے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ انسانی نشوونما اور زندگی گزارنے کے بہتر طریقے کے لئے اہم ہے۔ پچھلے 2سالوں میں ، کوویڈ 19 وبائی بیماری نے دونوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔صورتحال پر قابو پانے کے لیے دنیا بھر میں آن لائن سیکھنے کا آغاز کرنے کے باوجود ، بہت سے لوگ رابطہ اور وسائل کی کمی کی وجہ سے ان اقدامات سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔اقوام متحدہ کی سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) نے کہا کہ یہ دن ’انسانی مرکز کی بحالی کے لئے خواندگی: ڈیجیٹل تقسیم کو تنگ کرنا‘ کے موضوع کے تحت منایاگیا۔اس دن ،کے حوالے سے یونیسکو نے ٹویٹ کیا’ ’ڈیجیٹل مہارتیں زندگی بچانے والی معلومات تک رسائی کا ایک اہم عنصر بن گئی ہیں۔ لیکن دنیا کی نصف سے زیادہ آبادی کمپیوٹر پر مبنی سرگرمیوں کے لیے بنیادی مہارت سے محروم ہے‘‘۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی ایک ٹویٹ میں لوگوں کو عالمی خواندگی کے دن 2021 کی مبارکباد دی۔منوج سنہا نے کہا کہ خواندگی کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آج بھی دنیا میں ایسے بہت سے لوگ موجود ہیں جن کے پاس مناسب تعلیم کا فقدان ہے ، جو علم اور سائنسی ایجادات سے چلتا ہے۔انہوںنے کہاکہ تعلیم ہی واحد ذریعہ ہے جو ہمیں جہالت کے اندھیروں اور پسماندگی کی رکاوٹوں سے نجات دلاتی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے لوگوں کو تعلیم کی نعمت پہنچانے کیلئے متعدد کامیاب اقدامات کئے ہیں ، بشمول دور دراز علاقوں میں رہنے والوںکوبہترتعلیمی سہولیات کی فراہمی ۔منوج سنہا نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے تمام پڑھے لکھے افراد لوگوں میں بیداری پھیلانے اور یہاں کے ہر فرد کو تعلیم یافتہ اور جدید دنیا کے علم سے بااختیار بنانے میں اپنی کوششیں کریں۔