سرینگر//ملک میں پیٹرولیم اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ بدستور جاری ہے ۔ یکم ستمبر کو گیس فی سلینڈر مزید 25روپے مہنگا ہوا ہے اس طر ح سے صرف پندرہ دنوں میں گیس فی سلینڈر 50روپے مہنگا ہوا ہے ۔ اس طرح سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے عام لوگوں کی نیندیں حرا م ہوچکی ہیں۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق عام آدمی کو مہینے کے پہلے دن یعنی یکم ستمبر کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ سرکاری تیل کمپنیوں نے ایک بار پھر گھریلو رسوئی گیس سلینڈرکی قیمت 25 روپئے بڑھا دیئے گئے ہیں۔ رسوئی گیس کی بڑھتی قیمتوں نے لوگوں کے گھر کے بجٹ کو بگاڑ دیا ہے اور اس سے عام آدمی کافی پریشان بھی ہے۔صرف 15 دنوں میں ہی غیر سبسڈی والے ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں 50 روپئے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ بغیر سبسڈی والے 14.2 کلو گرام گیس سلینڈر کی قیمت میں 25 روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔ وہیں 19 کلو گرام کمرشیل گیس سلینڈر کی قیمت میں 75 روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔ اس اضافہ کے بعد دہلی میں 14.2 کلو گرام کا ایل پی جی سلینڈر 884.5 روپئے ہوگیا ہے جبکہ اس سے پہلے یہ 859.50 روپئے کا تھا۔دہلی میں اس سال جنوری میں ایل پی جی سلینڈر کی قیمت 694 روپئے تھی، جسے فروری میں بڑھا کر 719 روپئے فی سلینڈر کیا گیا۔ 15 فروری کو قیمت بڑھ کر 769 روپئے کر دیئے گئے۔ اس کے بعد 25 فروری کو ایل پی جی سلینڈر کی قیمت 794 روپئے کردی گئی۔ مارچ میں ایل پی جی سلینڈر کی قیمت کو 819 روپئے کر دی گئی۔ واضح رہے کہ جولائی اور اگست میں قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔ مئی اور جون میں گھریلو سلینڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ وہیں اپریل میں ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں 10 روپئے کی تخفیف کی تھی۔










