سرینگر// وادی میں گزشتہ دن ہوئی بارشو ں کے بعد اتوار کی صبح شمال و جنوب کے کئی علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں دن کا درجہ حرارت 28.1سیلشس ریکارڈ کیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگرچہ سنیچروار کی صبح وادی کے شمال و جنوب میں بارشیں ہوئی جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میںکمی ریکارڈ کی گئی تاہم بعد میں اگرچہ موسمی صورتحال میں بہتری آئی تھی اتوار کی صبح ایک مرتبہ پھر موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی جس دوران بارہمولہ، شوپیاں اور بڈگام کے علاقوں میں بادل گرجنے کے ساتھ ہی اچانک سخت ژالہ باری اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس ضمن میںجو تفصیلات موصول ہوئی ان کے مطابق شوپیان ، بڈگام اور گلمرگ کے علاقوں میں بارشوں کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ اتوار کی صبح قریب 10منٹ تک شدید ژالہ باری ہوئی جس کے بعد شدید بارشیں ہوئی جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں کے ساتھ ساتھ میوہ درختوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے کاشت کاروں میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ ادھر ضلع شوپیاں کے آہر بل علاقے سے بھی جو تفصیلات موصول ہوئی ان کے مطابق اتوار کی صبح کئی علاقوں میں شدید ترین ژالہ باری ہوئی جس نے میوہ باغات کو کافی نقصان سے دوچار کیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں دن کا درجہ حرارت 28.1، قاضی گنڈ میں 27اور کپواڑہ میں 28.5ڈگری سلیشس ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں جموں کشمیر میں اثر اندوز ہو گئی ہے جس کے چلتے موسمی صورتحال میں تبدیلی آ سکتی ہے اور آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارشیںہونے کا امکان ہے ۔










