سوپور// 2روز قبل ایک زیرتعمیرمکان کی چھت سے گرکرشدیدزخمی ہونے والا ترکھان زندگی کی جنگ ہارگیا۔کشمیرنیوزسروس کے مطابق پیشے سے ترکھان 40سالہ فارو ق احمد چنگا ولد حبیب اللہ ساکنہ چنگا محلہ آرم پورہ سوپور منگل کے روز قصبہ سوپورکے مہاراج پورہ علاقہ میں ایک زیرتعمیر مکان کی چھت بناتے ہوئے اچانک پھسل کر سیدھے زمین پرگرگیاتھا۔اس ترکھان کوسب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور پہنچایاگیا تاہم یہاں سے اس کونازک حالت میں سری نگرمنتقل کیاگیا ۔بتایا جاتاہے کہ صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں مسلسل 2روز تک موت وحیات کی کشکمش میں مبتلاء رہنے کے بعدچالیس سالہ فاروق احمد جمعرات کی صبح زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑبیٹھا ۔اس جواں سالہ ترکھان کی میت کوجب سری نگرسے آبائی گھرواقع چنگامحلہ آرم پورہ سوپور پہنچایاگیا تویہاں کہرام مچ گیا ۔مکان کی چھت سے گرنے کے بعدلقمہ اجل بننے والے ترکھان کی آخری رسومات میں علاقہ کے لوگوںنے شرکت کی ۔










