سوپور میں ٹی آر ایف کے3مقامی جنگجوئوں جاں بحق

سوپور میں ٹی آر ایف کے3مقامی جنگجوئوں جاں بحق

سوپور//سوموارکے روز آلوچی باغ سری نگرمیں مختصرجھڑپ کے دوران ایک کمانڈر سمیت2مقامی جنگجوئوں کی ہلاکت کے بعدلشکرطیبہ (ٹی آرایف)سے وابستہ3مقامی جنگجوسوپور کے ایک مضافاتی علاقہ میں طویل اورخونین معرکہ آرائی کے دوران مارے گئے ۔سوموار کورات دیر گئے گرسیرسوپور علاقہ میں شروع ہوئے جنگجومخالف آپریشن کے بعدپوری رات یہاں شدیدگولی باری کاسلسلہ جاری رہا جبکہ اس دوران کئی بار زوردار دھماکوںکی آوازیں بھی دُوردُور تک سنائی دیں ۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایاکہ کچھ جنگجوئوںکے چھپے ہونے کی مصدقہ اطلاع ملتے ہی جموں وکشمیر پولیس اوراسکے اسپیشل آپریشن گروپ نے فوج کی52آرآر اورسی آرپی ایف کی92ویں ،177ویں اور179ویںبٹالین کے اشتراک سے سوپور قصبہ کے ایک مضافاتی علاقہ گرسیر کوسوموار کو رات دیر گئے محاصرے میں لیکر یہاں جنگجومخالف آپریشن شروع کیا۔ذرائع کے مطابق اسبات کی خفیہ اطلاع ملی تھی کہ اس علاقے میں دوسے تین جنگجو چھپے ہوئے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ دریائے جہلم کے نزدیک واقع اس علاقے کومحاصرے میں لینے کے بعدجب سیکورٹی دستوںنے تلاشی کارروائی شروع کی ،اوروہ جنگجوئوں کی مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچے تورات کی تاریکی میںمحاصرہ توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کے تحت یہاں پھنسے جنگجوئوںنے اندھادُھندفایئرنگ شروع کردی ،تاہم سیکورٹی اہلکاروںنے فوری جوابی کارروائی عمل میںلاکر اُنھیں مصروف رکھا ،اوریوں محصور جنگجوئوںکے فرارہونے کی کوشش ناکام بنادی گئی ۔سیکورٹی حکام نے بتایاکہ مقامی عام شہریوں کوجانی ومالی نقصان سے بچانے کیلئے جوابی کارروائی پوری احتیاط کیساتھ آگے بڑھائی گئی ۔انہوںنے کہاکہ رات دیر گئے ایک جنگجو مارا گیا ،تاہم یہاں موجود دیگر جنگجوئوںنے فائرنگ کاسلسلہ جاری رکھا ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ گرسیر علاقہ میں موجودجنگجوئوں اورسیکورٹی اہلکاروںکے درمیان شدیدنوعیت کی گولی باری وقفے وقفے سے پوری رات جاری رہی جبکہ اس دوران کئی مرتبہ زورداردھماکے بھی ہوئے ،جن کی آوازدُوردُورتک سنائی دی ۔لوگوںنے بتایاکہ اس پورے علاقے میں پوری رات دہشت کاماحول رہا،اورگرسیر سے لیکر پیٹھ سیرتک لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے ۔اُدھر پولیس ذرائع نے رات گھروقفے وقفے سے جھڑپ جاری رہنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس آپریشن کے دوران جنگجوئوں نے ایک کے بعدایک نزدیکی مکانوںمیں پناہ لی ۔انہوںنے کہاکہ پہلے مکینوں کی حفاظت کوترجیح دی گئی ،اسلئے آپریشن طول پکڑ گیا۔ذرائع نے بتایاکہ دوران شب ایک جنگجو کی ہلاکت کے بعدمنگل کی صبح ایک اورجنگجو بھی ماراگیا تاہم ایک اورجنگجو ایک رہائشی مکان میں چھپ کر فائرنگ کرتا رہا ،جسکے خلاف کارروائی جاری رکھی اوربالآخر یہ جنگجو بھی ماراگیا ۔پولیس حکام نے بتایاکہ سوموار کورات کے لگ بھگ دس بجے شروع کیا گیایہ جنگجومخالف آپریشن منگل کے رو ز دن کے12بجے تک جاری رہا،اوراس میں لشکر طیبہ (ٹی آرایف )سے وابستہ تین مقامی جنگجو مارے گئے ،جن کی نعشوں اورایک اے کے 47رائفل اور2پستولوں کے علاوہ کچھ دیگراسلحہ وگولی بارود کوجائے جھڑپ سے برآمد کیا گیا ۔ذرائع نے بتایاکہ مارے گئے تینوں جنگجوئوںکی نعشوں اوربرآمد شدہ سامان کویہاں سے نزدیکی کیمپ منتقل کیاگیا تاکہ مہلوک جنگجوئوںکی شناخت عمل میں لانے کیساتھ ساتھ ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔اس دوران معلوم ہواکہ گرسیرسوپورمیں لگ بھگ 13گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس خونین معرکہ آرائی کے دوران ہونے والی شدیدفائرنگ اوردھماکوںکی وجہ سے ایک مکان مکمل طورپر تباہ ہوگیا جبکہ کچھ نزدیکی مکانات کوجزی نقصان پہنچا۔اُدھر ذرائع کے مطابق لشکر طیبہ (ٹی آرایف )سے وابستہ مارے گئے تین جنگجوئوںکی شناخت فیصل فیاض ولد فیاض احمدٹھوکر ساکنہ کاپرن شوپیان،غلام مصطفی شیخ ولد عبدالاحدشیخ ساکنہ ٹکی پورہ لولاب کپوارہ اوررمیض احمد گنائی ولد عبدالمجید ساکنہ زی پوردھرامتی شوپیان کے بطورہوئی ہے ۔ادھرآئی جی پی کشمیروجئے کمار نے سیکورٹی فورسزکوایک اورکامیاب آپریشن انجام دینے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ جموں وکشمیر پولیس ،چنارکارپس (فوج) اورسی آرپی ایف کی مشترکہ کاوشوں کانتیجہ ہے کہ امسال سیکورٹی فورسزنے جنگجومخالف کارروائیوں کے دوران بڑی اہم کامیابیاں حاصل کیں ۔