سرینگر //ضلع بڈگام کے چاڈورہ رانگر ڈانگر پورہ میں دودھ گنگا کنال جو کہ اپنی خوبصورتی سے کافی مشہور تھی اور یہ کنال ضلع بھر کی زمینوں کو سیراب کرنے میں کافی مدد گارثابت ہوتی تھی۔اطلاعات کے مطابق مذکورہ نہر ڈانگر پورہ سے ہوکر بہتی تھی لیکن کچھ خود غرض لوگوں نے اس پر ناجائز قبضہ کر کے اس کا وجود ہی ختم کیا ہے۔اس سلسلے ایک مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ کنال کھنڈی پورہ سے ڈانگر پورہ تک بہتی تھی اور پورے علاقے کو سیراب کرتی تھی جس سے پیداوار میں کافی بہتری آتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کنال پورے علاقے کیلئے فائدہ مند تھی اور قدرت کے طرف سے ہمارے لئے ایک انمول تحفہ تھا لیکن کچھ خود غرض لوگوں نے اپنے ذاتی مفاد کیلئے اس پر ناجائز قبضہ کر کے اس کا نام ونشان ہی مٹا دیا ۔انہوںنے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ نے آج تک اس پر کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جس کی وجہ سے اس کنال کا وجود ہی ختم ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ سرکار ناجائز تجاوزات پر قبضہ ہٹانے کیلئے بڑے بڑے دعوے کرتی ہے لیکن زمینی سطح پر پوری طرح سے ناکام ہوچکی ہے انہوں نے اس ضمن میں گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کنال پر ناجائز قبضہ ہٹانے کیلئے متعلقہ محکمہ کو احکامات صادر کرے تاکہ یہ کنال پھرسے بحال ہوجائے اور پورا علاقہ اس کے پانی سے مستفید ہو۔










