وادی میں ہلکی یادرمیانہ درجے کی بارشوں کی پیش گوئی

سری نگر//سنیچر کے روزسری نگرشہرسمیت پوری وادی میں مطلع ابروآلودرہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے میدانی علاقوں میں ہلکی اوربالائی علاقوں میں تیز بارشیں ہونے کی پیشگوئی کردی ۔ حالیہ بارشوں اوربادل پھٹنے کے کئی واقعات رونماہونے کے بعدجمعہ کے روزجموں وکشمیرمیں موسم خشک رہاجبکہ دن کے وقت شدیدگرمی بھی رہی تاہم سنیچر کوصبح سے ہی شہر سری نگرسمیت پوری وادی اورجموں کے کئی علاقوں میں بھی آسمان پربادل چھائے رہے جبکہ کوکرناگ اوروائلوسمیت ادی کے کچھ علاقوں میں بارشیں بھی ہوئیں ۔اس دوران کشمیرمیں دن بھر گرمی کی شدت اورطوبت برقرار رہی ۔اُدھر محکمہ موسمیات نے ایک بیان میں کہاکہ آنے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیروادی اورجموںصوبہ کے کئی میدانی علاقوں میں ہلکی اوربالائی علاقوں میں موسلا دار بارشیں ہونے کاامکان ہے ۔بیان میں محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ میدانی اوربالائی علاقوں میں مختصر وقت تک بارشیں ہوسکتی ہیں ۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ جموں وکشمیرمیں بادل چھائے ہوئے ہیں اوراسبات کاامکان ہے کہ راجوری ،پونچھ اورریاسی اضلاع میں مختصر وقت کیلئے تیز بارشیں ہوسکتی ہیں ۔محکمہ ھٰذا کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی تادرمیانہ درجے کی بارش ہونے کاامکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے خبردارکیا ہے کہ ہلکی یادرمیانہ درجے کی بارشوں کے باجود کچھ علاقوں میں سیلابی ریلے آسکتے ہیں اورمٹی کے تودے بھی گرسکتے ہیں ۔کیونکہ حالیہ بارشوں سے ڈھلوان والے علاقوں میں زمین کافی نم اورنرم ہوئی ہے ،اورایسے علاقوں میں مزیدبارشیں ہونے کی صورت میں زمین کھسکنے اورمٹی کے تودے گرآنے کے واقعات رونماہوسکتے ہیں ۔محکمہ موسمیات نے ساتھ ہی دریائوں اورندی نالوں کے نزدیک واقع علاقوں کے لوگوںکومحتاط اورہوشیار رہنے کامشورہ دیاہے ۔