سرینگر / /شمالی کشمیر کے پٹن علاقہ میں دو چشموں کی حالت انتہائی خستہ ہونے پرعوامی حلقوں میں میونسپل کونسل کے تئیں زبردست غم وغصہ پایاجاتا ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہائر اسکینڈری پٹن کے متصل دو چشمے سکھ ناگ اور مسلم ناگ کے صاف وشفاف پانی سے درجنوں علاقوں کے لوگ استفادہ کرتے تھے لیکن میونسپل کونسل پٹن کے افسران کی لاپرواہی اور غفلت شعاری کے نتیجے میں مذکورہ چشمے تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان چشموں کی ویران حالت پر ان کو ہمیشہ سے غصہ آتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ چشموں کا پانی بازاروں میں خرید وفروخت ہونا بسلری پانی سے بھی زیادہ شفاف اورذائقہ دار ہوتا تھا لیکن میونسپل کے افسران کی عدم توجہی سے ان چشموں کا پانی گند آلود ہوا ہے اور ناقابل استعمال بنا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تیس سال قبل مذکورہ چشموں میں صاف پانی کے ساتھ ساتھ مچھلیوں کی بہتات بھی تھی اور اور چالیس دیہات سے وابستہ لوگ عقیدت کے ساتھ اس کا پانی بطور تحفہ اور دوا استعمال کرتے تھے لیکن ان چشموں کی بے قدری کی گئی جس کے نتیجے میں علاقہ بھر کے لوگ اس عظیم نعمت سے محروم ہوگئے ہیں ۔اس سلسلے میں انہوں نے موجودہ انتظامیہ بالخصوص ڈپٹی کمشنر بارہمولہ سے مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں ان دونوں چشموں کی شان رفتہ کو بحال کرنے کیلئے فوری طور ٹھو س اور موثر اقدام اٹھائے جائیں اور میونسپل کونسل کے افسران اور متعلقین کی اس لاپرواہی کا سنجیدہ نوٹس لیاجائے تاکہ علاقہ میں یہ اہم مسئلہ حل ہوسکے اور پینے کے پانی کے حوالے سے درپیش مسائل کا ازالہ بھی ممکن ہوگا ۔










