نیشنل کانفرنس کے کپوارہ ڈی ڈی سی چیئر مین شپ کے بارے میں لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد: پیپلز کانفرنس


سری نگر،9  فروری //پیپلز کا نفرنس (پی سی) نے نینشل کانفرنس (این سی) کے ان الزامات کو مسترد کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ پی سی نے ضلع کپوارہ کی ڈی ڈی سی چیئر مین شپ دھاندلیاں کرکے حاصل کی ہے۔
پی سی کے سینئر لیڈر اور سابق رکن اسمبلی بشیر احمد ڈار نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ نیشنل کانفرنس کو ضلع کپوارہ کے ڈی ڈی سی چیئرمین شپ کے نتائج تسلیم کرنے چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ این سی لیڈر قیصر لون کی طرف سے کپوارہ ڈی ڈی سی چیئرمین شپ کے بارے میں لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ’لون دن میں خواب دیکھ رہے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ این سی صرف چار ممبروں سے ہی چیئر مین شپ حاصل کر سکتی ہے جبکہ پی سی کے پاس پانچ ممبر ہیں لیکن وہ چیئر مین شپ حاصل کرنے کی مستحق نہیں ہے‘۔
موصوف نے کہا کہ ہمیں ایک آزاد ممبر کی بھی حمایت حاصل ہوئی جن کو نائب چیئر مین منتخب کیا گیا۔
انہوں نے کہا: ’لون صاحب اپنے بھائی کے لئے چیئرمین شپ چاہتےتھے جب انہیں چیئر مین شپ حاصل نہیں ہوئی تو دھاندلیوں کے الزامات لگائے‘۔
دریں اثنا پیپلز کانفرنس کے جنرل سکریٹری عمران رضا انصاری نے کپوارہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپوارہ کو ایک ماڈل ضلع بنانے کے لئے  کام کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ پیپلز کانفرنس بھی پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کا ایک حصہ تھی اور پارٹی کے چیئرمین سجاد غنی لون اس کے ترجمان تھے لیکن انہوں نے حال ہی میں گپکار اعلامیہ سے ناطہ توڑ دیا۔