وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے بارہمولہ میں خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کیلئے سکول کے قیام کی غرض سے 5کنال اراضی کی منظوری دِی

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے بارہمولہ میں خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کیلئے سکول کے قیام کی غرض سے 5کنال اراضی کی منظوری دِی

جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے بارہمولہ کے تحصیل واترگام کے علاقے اسٹیٹ ہادی پورہ میں پانچ کنال اراضی محکمہ سماجی بہبود کے نام منتقل کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس اراضی پر خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے لئے ایک مخصوص سکول قائم کیا جائے گا۔مجوزہ ادارے میں خصوصی تعلیمی سہولیات، علاج و معالجے سے متعلق معاون خدمات اور ہنر مندی کے فروغ کے مواقع فراہم کئے جائیں گے تاکہ خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کو ایک سازگار، معاون اور جامع ماحول میں تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ مل سکے۔ اس اَقدام کا مقصد ان بچوں میںخود انحصاری، اعتماد، بااِختیار بنانے اور معاشرے میں بامقصد شمولیت کو فروغ دینا ہے۔یہ اقدام حکومت کی اس پالیسی کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ترقیاتی اور سماجی بہبود کی سکیموں کے فوائد معاشرے کے تمام طبقوں تک پہنچانے پر توجہ دی جا رہی ہے بالخصوص ان افراد تک جنہیں اضافی نگہداشت، تعاون اور ادارہ جاتی معاونت کی ضرورت ہوتی ہے۔وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت بزرگ شہریوں، جسمانی طور خاص افراد اور معاشی طور پر کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کو مسلسل ترجیح دے رہی ہے۔ اس سلسلے میںسماجی بہبود کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، ضروری خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے کہ مستحق اَفراد کو وہ مدد اور معاونت حاصل ہو جس کے وہ حقدار ہیں۔وزیرِ اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ایک ایسا جامع اور ہمدردانہ معاشرہ تشکیل دینا وقت کی ضرورت ہے جہاں ہر شہری کو، خواہ اسے معاشی یا جسمانی مشکلات کا سامنا ہو، عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارنے، بنیادی سہولیات تک رسائی حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا موقع ملے۔بارہمولہ میں اس سکول کا قیام خصوصی ضروریات والے بچوں کے لئے امدادی نظام کو مضبوط بنانے اور ان کی تعلیم، بحالی اور معاشرے میں شمولیت کے مواقع کو وسیع کرنے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔