’میں تینوں فارمیٹ کھیل سکتا ہوں‘، 204رنز کی تاریخی اننگ کھیلنے کے بعد ویبھو سوریہ ونشی پرعزم

’میں تینوں فارمیٹ کھیل سکتا ہوں‘، 204رنز کی تاریخی اننگ کھیلنے کے بعد ویبھو سوریہ ونشی پرعزم

نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی نے واضح کیا ہے کہ وہ صرف ایک فارمیٹ کے کھلاڑی نہیں ہیں۔ بائیں ہاتھ کے نوجوان بلے باز کا ماننا ہے کہ ان کے پاس اپنی بلے بازی کا انداز بدلنے اور حالات کے حساب سے کھیلنے کا مکمل کنٹرول حاصل ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ تینوں فارمیٹ میں کھیل سکتے ہیں اور ضرورت کے مطابق اپنے کھیل میں بدلاؤ کر سکتے ہیں۔ ویبھو سوریہ ونشی نے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں انڈیا اے کی جانب سے کھیلتے ہوئے یو اے ای کے خلاف لسٹ اے میچ میں 53 گیند میں 204 رنز بنانے کے بعد بی سی سی آئی کو انٹرویو دیا۔
انٹرویو کے دوران ویبھو سوریہ ونشی نے کہا کہ ’’آئی پی ایل کے بعد احمدآباد میں جب میرا انٹرویو ہوا تھا، تب میں نے کہا تھا کہ میں تینوں فارمیٹ کھیل سکتا ہوں اور حالات کے حساب سے اپنا کھیل بدل سکتا ہوں۔ میرے کھیل پر میرا کنٹرول ہے۔ میں اسی سوچ کے ساتھ بلے بازی کر رہا تھا اور اسے طویل فارمیٹ کی طرح لے رہا تھا۔ میں نے زیادہ وقت کیریز پر گزارنے کی کوشش کی۔‘‘ ویبھو نے بتایا کہ منگل کو بھی ان کا ارادہ اسی ذہنیت کے ساتھ کھیلنے کا تھا، لیکن پچ پر گیندبازوں کے لیے زیادہ مدد نہیں تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ’’جب میں نے اپنے انداز میں شاٹس کھیلنے کی کوشش کی تو گیند بلے پر اچھی طرح آ رہی تھی۔ اس لیے میں نے اپنی صلاحیت پر بھروسہ کیا۔‘‘
واضح رہے کہ ویبھو سوریہ ونشی نے رواں سال کی شروعات میں انگلینڈ دورے پر ٹی-20 فارمیٹ میں ہندوستانی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔ انہیں اب تک ونڈے اور ٹیسٹ میں موقع نہیں ملا ہے۔ ویبھو نے اب تک 10 ٹی-20 انٹرنیشنل مقابلے کھیلے ہیں۔ انہوں نے 29.50 کی اوسط اور 185.53 کے اسٹرائک ریٹ سے 295 رنز بنائے ہیں، جن میں 2 نصف سنچری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 11 فرسٹ کلاس اور 16 لسٹ اے میچ کھیلے ہیں۔ 11 فرسٹ کلاس میچوں میں ان کے نام 23.47 کی اوسط اور 96.61 کے اسٹرائک ریٹ سے 399 رنز ہیں، جن میں 2 نصف سنچری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ لسٹ اے میچوں میں ویبھو سوریہ ونشی نے 50.31 کی اوسط اور 193.04 کے اسٹرائک ریٹ سے 805 رنز بنائے ہیں، جن میں 2 سنچری اور 2 نصف سنچری شامل ہیں۔ مجموعی طور پر ویبھو سوریہ ونشی نے 45 ٹی-20 میچوں میں 40.68 کی اوسط اور 212.84 کے اسٹرائک ریٹ سے 1790 رنز بنائے ہیں۔ ان میں 4 سنچری اور 8 نصف سنچری شامل ہیں۔
یو اے ای کے خلاف منگل کو ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز مقابلے میں ویبھو سوریہ ونشی نے ایسی اننگ کھیلی، جس نے لسٹ اے کرکٹ کے لیے ریکارڈ بک کو بدل دیا۔ انہوں نے محض 52 گیندوں میں ڈبل سنچری مکمل کر لی۔
یہ لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے تیز ڈبل سنچری ہے، جسے انہوں نے گزشتہ ریکارڈ 50 گیندوں کے بڑے فرق سے توڑا۔ انہوں نے 53 گیندوں میں 7 چوکے اور 28 چھکے کی مدد سے 204 رنز کی اننگ کھیلی۔ ان کی اس اننگ کی بدولت ہندوستان نے 250 رنز کا ہدف 14.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔

ویبھو سوریہ ونشی نے محض 28 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی جو لسٹ اے کرکٹ کی سب سے تیز سنچری ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ جیک فریزر میک گرک کے نام تھا، جنہوں نے 24-2023 ونڈے کپ میں تسمانیہ کے خلاف 29 گیندوں میں سنچری لگائی تھی۔ ویبھو نے لسٹ اے کرکٹ میں سب سے تیز 150 رنز بنانے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے منگل کو 150 رنز کا اعداد و شمار صرف 40 گیندوں میں مکمل کیا۔ اس سے قبل انہوں نے گزشتہ سال اروناچل پردیش کے خلاف 59 گیندوں میں 150 رنز بنائے تھے۔