ہسپتالوں میں دِن ،رات کی شفٹوں میں دستیاب کنسلٹنٹس اور ڈاکٹروں کے نام مع رابطہ نمبر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت دِی
سری نگر// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم اورسماجی بہبودمحکمہ جات سکینہ اِیتو نے صوبہ کشمیر کے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں (جی ایم سیز) کی سرمائی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے صحت نگہداشت کے اِنتظامات،ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کے نظام، ضروری اَدویات، طبی آلات، عملے کی دستیابی اور مریضوں کی نگہداشت کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ شدید سردی کے مہینوں میں صحت خدمات کی فراہمی میں کوئی رُکاوٹ نہ آئے۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صحت و طبی تعلیم سوگت بسواس، ڈائریکٹر فائنانس محکمہ صحت و طبی تعلیم، ایڈمنسٹریٹر جی ایم سی سری نگر، سری نگر، اننت ناگ، بارہمولہ اور ہندواڑہ کے جی ایم سی کے پرنسپلوں، پرنسپل ڈینٹل کالج سری نگر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، صوبہ کشمیرکے تمام ضلعی اور سب ضلعی ہسپتالوں کے میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹوں، جے کے ایم ایس سی ایل اور سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔وزیرموصوفہ نے جائزہ میٹنگ کے دوران جامع پیشگی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا بالخصوص اُن لوگوں کے لئے جو دُور دراز، پسماندہ اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میںرہتے ہیںجہاں شدید موسم اور سڑکوں کی بندش اکثر بروقت طبی اِمداد حاصل کرنے میں رُکاوٹ بنتی ہے۔اُنہوں نے مائوں کی صحت پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ برفباری سے متاثرہ اور دُشوار گزار علاقوں میں رہنے والی حاملہ خواتین کا جامع پیشگی سروے کریں اور ان کا ضلع وار تازہ ترین ڈیٹا بیس تیار رکھیں۔ اُنہوں نے کہا کہ شدید موسمی حالات شروع ہونے سے بہت پہلے حاملہ ماؤں کی نشاندہی کی جائے بالخصوص ان کی جو زچگی کی تاریخ کے قریب ہیں یا جنہیں خصوصی طبی نگہداشت کی ضرور ت ہے ۔وزیر صحت نے صحت حکام کو ہدایت دی کہ وہ خطرے سے دوچار حاملہ خواتین کی مناسب جانچ کریں اور جہاں طبی طور پر ضروری ہو، انہیں پہلے سے ہی ایسے محفوظ مقامات پر منتقل کریں جو مناسب زچگی اور ایمرجنسی سہولیات رکھنے والے طبی اِداروں کے قریب ہوں۔اُنہوں نے زور دے کر کہا،’’برفانی یایا دُور دراز علاقے سے کسی بھی حاملہ خاتون کو موسم کی خرابیوں کی وجہ سے بروقت طبی اِمداد کے بغیر نہیں چھوڑنا چاہیے۔ ہمیں ایسے کیسوں کی پہلے سے ہی نشاندہی کرنی چاہیے، ان کی ضروریات کا اندازہ لگانا چاہیے اور ضروری اِنتظامات کرنا چاہیے تاکہ تیاری کی کمی کی وجہ سے کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کو بحران میں تبدیل نہ ہونے دیا جائے۔‘‘سکینہ اِیتو نے مزید ہدایت دی کہ جی ایم سیز کی متعلقہ اِنتظامیہ اور صحت حکام ضلعی اِنتظامیہ، چیف میڈیکل اَفسران، نچلی سطح کے صحت اداروں، ایس ڈی آر ایف، ٹریفک حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کریں تاکہ موسمی حالات میں مریضوں کو بروقت ٹرانسپورٹیشن، ریفرل اور داخلے کی سہولیت فراہم کی جاسکے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ موسمی ایڈوائزری کی نگرانی کے لئے اَفسران کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میںبروقت کارروائی شروع کی جاسکے۔اُنہوں نے ایک اچھی طرح سے متعین ریفرل میکانزم کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ سب ڈِسٹرکٹ ہسپتالوںاور ضلعی ہسپتالوں سے ٹریشری نگہداشت کے طبی اِداروں کو ریفر کئے جانے والے مریضوں کا انتظام ایک مناسب، منظم اور اچھی طرح سے مربوط ریفرل پروٹوکول کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔وزیرموصوفہ نے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ خصوصی علاج کے متقاضی مریضوں کو بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے مناسب اعلیٰ طبی اداروں کو ریفر کیا جائے جس میں مناسب طبی تشخیص، دستاویزات، مریض کی حالت کو مستحکم کرنا اور وصول کنندہ ہسپتال کے ساتھ پیشگی رابطہ شامل ہو۔اُنہوںنے اَفسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ کسی بھی نازک بیمار مریض کو منتقل کرنے سے پہلے ریفر کرنے والے اور وصول کرنے والے ہسپتالوں کے درمیان قریبی تال میل کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ ٹریشری کیئر ہسپتالوں کو ریفر کئے جانے والے ہر نازک مریض کے ساتھ ایک تجربہ کار طبی پیشہ ور کو بھیجا جائے تاکہ دورانِ سفر مناسب طبی نگرانی اور نگہداشت کا تسلسل برقرار رہے۔اُنہوں نے کہا کہ ایک مؤثر ریفرل سسٹم نہ صرف قابلِ گریز تاخیر کو کم کرے گا بلکہ مختلف سطحوں پر دستیاب صحت نگہداشت کے بنیادی ڈھانچے کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو بھی یقینی بنائے گا۔وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا،’’ضلعی اور سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال صحت خدمات کی فراہمی کے پہلے اہم مراکز ہیں۔ مریضوں کی تشخیص کرنے، انہیں مستحکم کرنے اور مناسب طریقے سے ریفر کرنے میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ہر ریفرل کو ایک مناسب پروٹوکول پر عمل کرنا چاہیے تاکہ مریضوں کو بغیر کسی غیر ضروری مومنٹ یا تاخیر کے صحیح ادارے میں مطلوبہ علاج ملے۔‘‘اُنہوںنے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں اور ان سے منسلک ہسپتالوں میں ضروری ادویات، ایمرجنسی اَدویات، آکسیجن کی فراہمی، خون کے اجزأ ، ہیٹنگ کے اِنتظامات، بیک اپ بجلی کی فراہمی، ایمبولینسوں اور دیگر اہم طبی سہولیات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔وزیر موصوفہ نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ بنیادی ڈھانچے اور آلات کی ضروریات کا مکمل جائزہ لیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مو سم سرما کے دوران تمام ضروری سہولیات فعال رہیں۔ اُنہوں نے کہا،’’ایمرجنسی شعبوں، زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت کے یونٹوں، اِنتہائی نگہداشت(آئی سی یو) کی سہولیات، آپریشن تھیٹروں اور دیگر اہم مریضوں کی نگہداشت کی خدمات پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔‘‘اُنہوںنے ڈاکٹروں، نرسنگ سٹاف، پیرا میڈیکس اور دیگر معاون عملے کی مناسب تعیناتی( بالخصوص ایمرجنسی اور کریٹیکل کیئر یونٹوں میں)کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ شدید برف باری، سڑکوں کی بندش یا دیگر موسمی مشکلات سے صحت کی خدمات متاثر نہ ہوں۔سکینہ اِیتو نے اِداروں کے مابین باہمی رابطے اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے پر زو ردیااور کہا تمام گورنمنٹ میڈیکل کالج اَپنے منسلک ہسپتالوں اور نچلی سطح کے صحت اِداروں کے ساتھ مؤثر مواصلاتی رابطے برقرار رکھیں تاکہ طبی ایمرجنسی حالات میں فوری ردِّعمل ظاہر کیا جا سکے۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ممکنہ رکاوٹوں کی پہلے سے نشاندہی کریں اور شدید موسمی حالات میں مسائل پیدا ہونے کا اِنتظار کرنے کے بجائے بروقت اِصلاحی اَقدامات کریں۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ موسم سرما کے لئے کی جانے والی تیاریوں کا نتیجہ مریضوںکی نگہداشت میں نمایاں بہتری کی صورت میں نکلنا چاہیے۔اُنہوںنے تمام اِداروں کے سربراہان سے کہا کہ وہ ایک فعال، مربوط اور مریضوں کی ضروریات پر مرکوز طرزِ عمل اَپنائیں۔اُنہوں نے مزید کہا،’’تیاری کا مطلب صرف اَدویات کا ذخیرہ کرنا یا بنیادی ڈھانچے کے اِنتظامات کرنا نہیں ہے، بلکہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر مریض، چاہے وہ کہیں بھی رہتا ہو، انتہائی مشکل موسمی حالات میں بھی بروقت اور معیاری طبی سہولیات حاصل کر سکے۔‘‘وزیر صحت نے دیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ صحت اِداروں میں دستیاب ٹیسٹنگ سہولیات کے نرخ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ جن ٹیسٹوں کے لئے فیس اَدا کرنی پڑتی ہے اور جو ٹیسٹ مفت دستیاب ہیں، ان سب کے نرخ لوگوںکی سہولیت کے لئے آویزاں کئے جائیں۔وزیر نے ضلعی ہسپتالوں کے میڈیکل سپراِ نٹنڈنٹوں کو یہ بھی ہدایت دی کہ او پی ڈی کا شیڈول ، دن اور رات کی شفٹوں کے دوران دستیاب کنسلٹنٹس اور ڈاکٹروں کے نام مع رابطہ نمبر آویزاں کئے جائیں تاکہ طبی مقاصد کے لئے آنے والے لوگوں کو مؤثر طریقے سے سہولت فراہم ہو سکے۔ اُنہوں نے ہسپتال منتظمین سے یہ بھی کہا کہ وہ شکایات کے ازالے کے نظام کو مضبوط بنائیں اور ہر ہسپتال میں شکایات کا رجسٹر رکھیں تاکہ عوام موقعہ پر ہی اَپنے مسائل یا شکایات درج کروا سکیں۔اُنہوں نے جموں و کشمیر بھر میں صحت خدمات کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کااعادہ کیا جس میں پسماندہ طبقوں اور دُور دراز اور برف سے ڈھکے علاقوں کے رہائشیوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ جغرافیائی تنہائی اور خراب موسم ضروری طبی خدمات تک رسائی میں رکاوٹ نہ بن سکیں۔










