لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر کے تہذیبی ورثے کو محفوظ کرنے ، اس کی دستاویز سازی کرنے اور اسے آنے والی نسلوں تک پہنچانے کیلئے ایک عوامی تحریک چلانے پر زور دِیا
جموں//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے ’’کشمیر کے ثقافتی ورثے کی بحالی ، تحفظ اور دیرپائی‘‘ کے موضوع پر دو روزہ قومی سمینار سے خطاب کیا جس کا اہتمام کاکینی بلڈنگ ہیومینٹی نے کیا تھا۔ مرکزی وزیر برائے ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت نے بھی بذریعہ ورچیول موڈ تقریب میں شرکت کی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سمینار میں شرکت کرنے والے منتظمین، سکالروں، منتظمین، فن کاروں، سابق فوجیوں، فوجی اَفسران اور شہریوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ورثہ ایک بیش قیمت میراث ہے جو فلسفیوں، صوفیاء، سنتوں دست کاروں، ادیبوں اور مفکرین کی نسلوں سے ہمیں ملی ہے جنہوں نے اَپنی حکمت اور تخلیقی صلاحیتوںسے اِنسانیت کو مالا مال کیا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ موجودہ نسل کی ذمہ داری صرف اس ورثے کی تعریف کرنا نہیں بلکہ اس کا تحفظ کرنا، اسے منظم کرنا، اس کی دستاویز سازی کرنا اور اسے معاشرے کے لئے مزید قابلِ رسائی بنانا بھی ہے۔ اُنہوں نے آنے والی نسلوں کی خاطر جموں و کشمیر کے تہذیبی ورثے کے تحفظ کے لئے اِجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر نہ صرف اپنے قدرتی حسن کے لئے جانا جاتا ہے بلکہ فلسفہ، روحانیت، زبان، جمالیات اور اِنسانی فکر میں اَپنی گرانقدر خدمات کے لئے بھی مشہورہے۔اُنہوں نے آچاریہ ابھینو گپت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم فلسفی روحانی تجربے ، فن اور فکری جستجو کے امتزاج کی بہترین مثال تھے اور نوجوانوں کو وادیٔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایسے ہی ممتاز مفکرین سے متعارف کیاجانا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا،’’اس خطے کی ہر یونیورسٹی، ہر اُستاد اور ہر ثقافتی اِدارے کو اہم تحریروں کے ترجمے پر کام کرنا چاہیے ، تحقیق کی حوصلہ اَفزائی کرنی چاہیے اور سکالروں اور طلبأکو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا چاہیے۔ میرا ماننا ہے کہ ورثے کا زندہ ہونا ضروری ہے اوریہ ہماری نئی نسل کی رہنمائی کرے۔‘‘اُنہوں نے ثقافت ہر معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، اس بات پر زو ردیتے ہوئے کہا کہ معاشرے اَپنی تاریخ اور ورثے کی گہری سمجھ بوجھ سے ہی اعتماد اور خود داری حاصل کرتے ہیں۔ اُنہوں نے قدیم مذہبی مقامات، مخطوطات، عجائب گھروں اور ثقافتی اِداروں کو شناخت مضبوط کرنے اور باہمی تفاہم کو فروغ دینے کے لئے اہم قرار دِیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر میں ہیرٹیج کے تحفظ کے لئے کی جانے والی نمایاں کوششوں کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یونین ٹیریٹری میں یادگاروں کی بحالی، آرکائیوز کی جدید خطوط پر استوار کرنے، آثارِ قدیمہ کی تحقیق اور ثقافتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعے ورثے کی بحالی کے منصوبوں کو عملایاجارہا ہے۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ پہلے دو مراحل کے تحت 106 ورثہ منصوبوں پر تحفظ کا کام شروع کیا گیا ہے جن میں سے زائد اَز 40 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ تیسرے مرحلے میں 321 منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان میں سے 312 کو انتظامی منظوری مل چکی ہے۔ جموں اور سری نگر کے آرکائیوز میں تاریخی ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کا کام جاری ہے اور اَب تک تقریباً 96.8 لاکھ صفحات ڈیجیٹائز کئے جا چکے ہیںجو دستیاب دستاویزات کا تقریباً 68 فیصد حصہ ہے۔’مشن گیان بھارتم ‘کے تحت سروے میں 43,000 مخطوطات کی نشاندہی ہوئی ہے اور ڈیجیٹائزیشن کی کوششیں مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر میں’صوفیانہ سکول ‘سے متعلق جاری کام، جموں میں’ ابھینو تھیٹر‘ اور’ کلا کیندر ‘کی جدید کاری، مُبارک منڈی کی بحالی اور بارہمولہ ضلع میں حال ہی میں دریافت ہونے والے کشان دور کے آثار پر کی جانے والی تحقیق کا بھی ذکر کیا۔اُنہوں نے گاندربل میں نارانگ ہیرٹیج کمپلیکس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کاکینی بلڈنگ ہیومینٹی کی جانب سے کی گئی تحقیق اور دستاویز سازی کی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور اُمید ظاہر کی کہ ضروری طریقۂ کار کی مکمل ہونے کے بعد تحفظ اور بحالی کا کام شرو ع ہوجائے گا۔ اُنہوں نے ’ہرمکھ۔گنگ بل‘یاتراسے متعلق کوششوں کی بھی ستائش کی اور اسے خطے کی دیرپا ثقافتی اور روحانی روایات کی علامت قرار دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’میرا ماننا ہے کہ نارانگ کا اَپنا ایک منفرد تاریخی اور روحانی وقار ہے، جہاں عقیدہ، جغرافیہ اور اجتماعی یادیں گہرائی سے باہم پیوست ہیں۔ اس لیے مجھے بے حد خوشی ہے کہ کاکینی بلڈنگ ہیومینیٹی نے انڈین ہیریٹیج انسٹی ٹیوٹ میں ایک چیئر بھی قائم کی ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا، ’’میرا ماننا ہے کہ نارانگ کی اَپنی ایک منفرد تاریخی اور روحانی حیثیت ہے جہاں عقیدہ، جغرافیہ اور اِجتماعی یادیں آپس میں گہری جُڑی ہوئی ہیں۔ اس لئے مجھے بے حد خوشی ہے کہ ’کاکینی بلڈنگ ہیومینٹی‘نے ’اِنڈین ہیرٹیج اِنسٹی چیوٹ ‘ میں ایک ’چیئر‘ بھی قائم کی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر میں تمام مذاہب کے لئے ہم آہنگی اور مساوی احترام کی طویل روایت رہی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ ہر کمیونٹی کے ورثے کواِنتہائی حساسیت کے ساتھ محفوظ کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا،’’یوگنی للیشوری اور نند رشی کے واکھ صدیوںکا سفر طے کرنے کے باوجود آج بھی لوگوں کے دِلوں تک پہنچتے ہیںکیوں کہ ان کے الفاظ میں ایسی ابدی سچائیاں پوشیدہ ہیںجن پر وقت گزرنے کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ ہم آہنگی کی اس روایت کو محفوظ رکھنا ہماری اِجتماعی عوامی ذِمہ داری ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کشمیر کے اَدبی، روحانی اور ثقافتی ورثے میں کشمیری پنڈتوں کا کردار انمول ہے اور ان کی باوقار واپسی وادی کے مکمل سماجی اور ثقافتی تانے بانے کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگی۔اُنہوں نے محکمہ آرکائیوز، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر، سکالروں، آرکائیو ماہرین، عجائب گھر کے پیشہ ور اَفراد اور ورثے کے تحفظ سے وابستہ تمام شراکت داروںکی ستائش کی۔ اُنہوں نے سابق فوجی اَفسران اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کی بھی ثقافتی تحفظ اور قوم کی تعمیر میں مسلسل خدمات کو سراہا۔ثقافت اور ورثے کے شعبے میں خدمات انجام دینے پرپدم وبھوشن ڈاکٹر پدما سبرامنیم، کلدیپ کرشن سدھا، ایڈووکیٹ راجا اشرف علی خان، سوامنی وشوا نیریشورا لکشمی پریا ماتا، رمیش ہنگلو، آرکیٹیکٹ بالاجی دھر اور آرکیٹیکٹ شراونتھی کو اعزاز سے نوازا گیا۔اِس موقعہ پر چیئرمین کاکینی بلڈنگ ہیومینٹی میجر جنرل آر کے رینہ (ریٹائرڈ)، کمانڈر سنجے کول (ریٹائرڈ)، نائب صدر کاکینی بلڈنگ ہیومینٹی ڈاکٹر آنچل کھرانہ، سیکرٹری محکمہ ثقافت رمیش کمار، صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، ڈِی آئی جی سی کے آر راجیو اوم پرکاش، ایس ایس پی سر ینگر ڈاکٹر جی وی سندیپ چکرورتی،ضلع ترقیاتی کمشنر اکشے لابرو، سینئر اَفسران اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز شہری موجود تھے۔










