زعفران کے کھیتوں کا معائینہ کیا، گریڈنگ کی سہولایت کاجائزہ لیا، معیار میں بہتری اور کاشت کاروں کو بہتر معاوضہ دِلانے پرزور دِیا
سری نگر// وزیر برائے زرعی پیداوار، فائنانس ، کان کنی اور اِمدادِ باہمی محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے پانپور کے ’دوسو‘ میں دُنیا بھر میں مشہور زعفران کے کھیتوں کا دورہ کیا ۔اِس دورے کے مقصد زعفران کی کاشت کے فروغ اور تحفظ کے لئے جاری اَقدامات کا جائزہ لینا اور حکومت کی ’’کھیت بچاؤ ابھیان‘‘ کے تحت عملائے جارہے مختلف اَقدامات کاجائزہ لیناتھا ۔دورے کے دوران وزیر موصوف نے محکمہ زراعت، باغبانی اور متعلقہ شعبوں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا جن میں جدید کاشتکاری کے طریقے، جدید زرعی ٹیکنالوجی، محکمانہ اَقدامات اورحکومت کی مختلف سکیموں کی نمائش کی گئی تھی جن کا مقصد زرعی پیداوار میں اِضافہ ، فصلوں کے تنوع کافروغ اور کسانوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانا ہے ۔اُنہوں نے مختلف محکموں کی جانب سے کئے جانے والے اَقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور اَفسران سے کسانوں کی فلاح و بہبود کی سکیموں کی عمل آوری اوران کی رَسائی کے بارے میں بات چیت کی۔ اُنہوں نے محکموں کے مابین بہتر ہم آہنگی اور زمینی سطح پر مؤثر عمل آوری کی اہمیت پر زور دیا تاکہ حکومتی اَقدامات کے فوائد نچلی سطح پر کسانوں تک پہنچ سکیں۔دُورے کے دوران وزیر موصوف کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی ترال رفیق احمد نائیک اور ممبر قانون ساز اسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہ تھے۔وزیر موصوف نے زرعی اراضی کے تحفظ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ’’کھیت بچاؤ ابھیان‘‘ جموں و کشمیر کے زرعی ورثے کے تحفظ، دیہی معیشت کو مضبوط بنانے اور کاشت کار کمیونٹیوں کے لئے دیرپا روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے حکومت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔اُنہوں نے کاشت کاری کے شعبے کو مزید پیداواری، دیرپا اور معاشی طور پر منافع بخش بنانے کے لئے سائنسی کاشتکاری کے طریقوں کو فروغ دینے، جدید زرعی ٹیکنالوجیوں اَپنانے اور اِدارہ جاتی معاونت کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیرزرعی پیداوار نے زعفران گریڈنگ یونٹ کا بھی دورہ کیا اور اس قیمتی فصل کی گریڈنگ، پروسسنگ اور کٹائی کے بعد کے اِنتظام سے متعلق سہولیات کا معائینہ کیا ۔ اُنہوں نے یونٹ کے کام کاج کا جائزہ لیا اور کٹائی کے بعد کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، معیارات کی پاسداری کو یقینی بنانے اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عالمی منڈی میں کشمیری زعفران کی مسابقتی صلاحیت کو بڑھایا جا سکے۔اُنہوں نے زعفران کو ایک انمول زرعی ورثہ اور کشمیر کی ثقافتی و معاشی شناخت کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے اس کی کاشت کے تحفظ، پیداواری معیارات میں بہتری اور زعفران کاشت کاروں کو ان کی پیداوار کا مناسب معاوضہ دِلانے کے لئے مربوط اور مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر جاوید ڈار نے زراعت اوراس سے منسلک شعبوں کی ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پیداوار کو مضبوط بنانے اور ہدف پر مبنی اَقدامات اور کسان دوست پالیسیوں کے ذریعے جموں و کشمیر کی زرعی معیشت کو تبدیل کرنے کی خاطر، کاشت کار کمیونٹی کو ہر ممکن اِدارہ جاتی، تکنیکی اور ٹیکنالوجی سے متعلق معاونت فراہم کی جائے گی۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ایگری کلچر کشمیر سرتاج احمد شاہ، متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔










