منصوبوں کا مقصد جموںوکشمیر کے ثقافتی ورثے اور مقامی مصنوعات کو اُجاگر کرنا اوردستکاروں اور کاروباری اَفراد کیلئے مارکیٹ تک رَسائی کو وسیع کرنا ہے
سری نگر// چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے جموں اور سری نگر میں مجوزہ’ پی ایم ایکتامالز‘ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں یہاں منعقدہ ایک میٹنگ میں محکمہ صنعت وحرفت کی جانب سے محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے ذریعے چلائے جارہے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت اور سیکرٹری منصوبہ بندی کے علاوہ محکمہ صنعت و حرفت کے سربراہان اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ پی ایم ایکتا مالز جموں و کشمیر کے شاندار دستکاری کے فن، ہینڈ لوم مصنوعات، مقامی مصنوعات اور ثقافتی ورثے کو ملک کی دیگر ریاستوں اور یوٹیز کی مصنوعات اور ثقافتی ورثے کے ساتھ اُجاگر کرنے کے لئے مربوط پلیٹ فارم کے طور پر کام کریں گے۔اُنہوں نے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی دستکاروں، کاریگروں، کاروباری اَفراد اور مصنوعات تیار کرنے والوں کے لئے مارکیٹ روابط مضبوط ہوں گے ۔اس سے سیاحت کے فروغ، کاروباری ترقی اور دیرپا ذریعہ معاش کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔اَتل ڈولو نے مزید کہا کہ یہ تجارتی مراکز ’وَن ڈِسٹرکٹ وَن پروڈکٹ (او ڈی او پی) ‘اقدام کے تحت آنے والی مصنوعات اور ’جیوگرافیکل اِنڈکشن(جی آئی)ٹیگ والی اشیاء کو بہتر نمائش اور مارکیٹ تک رسائی فراہم کریں گے۔ اس طرح مقامی مصنوعات تیار کرنے والوں کو ملک کی وسیع تر منڈیوں اور بین الاقوامی بازاروں سے منسلک کیا جا سکے گا اور ترقی و معاشی خودمختاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ نے تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جموں میں ایکتا مال کی تعمیر ریل ہیڈ کمپلیکس میں 24 کنال اَراضی پر تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔ اس عمارت میں دو تہہ خانے، ایک گراؤنڈ فلور اور تین بالائی منزلیں ہوں گی جبکہ اس کا مجموعی رقبہ تقریباً 2.14 لاکھ مربع فٹ ہوگا۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ اِس منصوبے کو 125 کروڑ روپے کی اِنتظامی منظوری مل چکی ہے اِس میں ریٹیل آؤٹ لیٹس، کام کرنے کی جگہیں، عوامی ثقافتی سہولیات، دستکاری کا میوزیم/آرٹ گیلری، نمائش اور تجارتی سہولیات کے لئے جگہیں، فوڈ کورٹ اور کنبوں کے لئے مختلف سہولیات شامل ہوں گی۔اِسی طرح میٹنگ میں بتایا گیا کہ سری نگر میں ایکتا مال کی تعمیر جہانگیر چوک۔بٹہ مالو روڈ پر واقع کشمیر ہاٹ کمپلیکس میں 15 کنال رقبے پر تعمیر کرنے کی تجویز ہے ہے۔ اس چھ منزلہ عمارت میں ایک تہہ خانہ، گراؤنڈ فلور اور چار بالائی منزلیں شامل ہوں گی جبکہ اس کا مجموعی رقبہ تقریباً 1.81 لاکھ مربع فٹ ہوگا۔اِس منصوبے میں ریٹیل دکانیں، دستکاری کا میوزیم، نمائش ہال، تجارتی سہولیت کاری کے لئے مخصوص جگہیں، آڈیٹوریم، اندرونی ایمفی تھیٹر، فوڈ کورٹ، کھانے پینے کی سہولیات اور مہمانوں کے قیام کا اِنتظام شامل ہے جس کی منظوری 130 کروڑ روپے کی لاگت سے دی گئی ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ دونوں منصوبوں پر غور کے لئے کنٹریکٹ کمیٹی میٹنگ 19؍ اکتوبر 2026 کو منعقدہوئی تھی جبکہ لیٹرز آف ایوارڈ نومبر 2026 ء کے تیسرے ہفتے تک جاری ہونے کی توقع ہے۔ان منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت چلانے اور ان کی مینی ٹیننس کرنے کی تجویز ہے۔ اس مقصد کے لئے مسابقتی بولی کے عمل کے ذریعے نجی شراکت دار کا اِنتخاب کیا جائے گاجبکہ حکومت اس اقدام کی پالیسی اورسٹریٹجک نگرانی اَپنے پاس رکھے گی۔منصوبوں کی تکمیل کے بعد دونوں ایکتا مالز تجارت، ثقافت اور سیاحت کے لئے مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔ اس سے مقامی مصنوعات تیار کرنے والوں کو اَپنی مصنوعات کی تشہیر، ان کی شناخت بہتر بنانے اور وسیع تر منڈیوں تک پہنچانے کے مواقع فراہم کریں گے۔جموں و کشمیر کو ملک کے وسیع تر ریٹیل اور ثقافتی نظام (ایکو سسٹم) کے ساتھ مزید مربوط کرنے میں مدد دیں گے۔










