جموں و کشمیر کے 19 اور لداخ کا ایک عازم شامل
سرینگر / این این بی // سال 2027حج کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا نے محرم کوٹے کے تحت 500 عازمین حج کا انتخاب کیا ہے، جن میں جموں و کشمیر کے 19 اور لداخ کا ایک عازم شامل ہے۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027 کیلئے محرم کوٹے کے تحت 500 عازمین حج کا انتخاب کیا ہے، جن میں جموں و کشمیر کے 19 اور لداخ کا ایک عازم شامل ہے۔ اس طرح دونوں مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 20 عازمین کو منتخب فہرست میں جگہ ملی ہے۔حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق منتخب عازمین کا انتخاب 14 اکتوبر کو ڈیجیٹل رینڈم سلیکشن کے عمل کے ذریعے کیا گیا۔ اس کوٹے کے تحت دستیاب 500 نشستوں کے مقابلے میں مجموعی طور پر 1,044 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے 1,008 درخواستوں کو اہل قرار دیا گیا۔چونکہ اہل درخواستوں کی تعداد دستیاب نشستوں سے زیادہ تھی، اس لیے عازمین کا انتخاب ممبئی میں واقع حج ہاو ¿س میں ڈیجیٹل رینڈم سلیکشن کے ذریعے عمل میں لایا گیا۔حج کمیٹی نے محرم کوٹے کے تحت منتخب عازمین کے علاوہ انتظار کی فہرست بھی جاری کی ہے۔ اس فہرست میں مجموعی طور پر 508 عازمین کو شامل کیا گیا ہے، جن میں جموں و کشمیر کے 17 عازمین بھی شامل ہیں۔حج کمیٹی آف انڈیا نے منتخب عازمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ حج اخراجات کی پہلی قسط کے طور پر ایک لاکھ 52 ہزار 300 روپے کی رقم 30 اکتوبر 2026 تک جمع کریں۔ اس کے علاوہ عازمین کیلئے ابتدائی طبی معائنہ کروانا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کے لیے حج کمیٹی کی جانب سے یکم ستمبر اور 15 ستمبر 2026 کو جاری کیے گئے سرکلرز میں درج ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔سرکلر کے مطابق، عازمین حج کی پہلی قسط آن لائن طریقے سے حج کمیٹی کی سرکاری ویب سائٹ یا حج سویدھا ایپ کے ذریعے جمع کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ یا نیٹ بینکنگ کی سہولت دستیاب ہے۔آن لائن ادائیگی کے علاوہ عازمین اسٹیٹ بینک آف انڈیا ،یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی شاخ میں مقررہ پے اِن سلپ اور بینک ریفرنس نمبر کے ذریعے بھی رقم جمع کرا سکتے ہیں۔حج کمیٹی نے منتخب عازمین کو مزید ہدایت دی ہے کہ پہلی قسط جمع کرانے کے بعد وہ اپنے ابتدائی طبی معائنے اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے ساتھ ادائیگی کی رسید کی نقل بھی اپ لوڈ کریں یا متعلقہ طریقہ کار کے مطابق جمع کرائیں۔ ان دستاویزات کو جمع کرانے کی آخری تاریخ 2 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔حج کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر رقم جمع نہ کرانے، طبی معائنہ مکمل نہ کرنے یا ضروری دستاویزات جمع کرانے میں ناکامی کی صورت میں متعلقہ عازم کی حج نشست منسوخ کی جا سکتی ہے۔لہٰذا منتخب عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام مقررہ مراحل اور آخری تاریخوں کی پابندی یقینی بنائیں تاکہ حج 2027 کے لیے ان کی نشست برقرار رہ سکے۔










