فیصلہ وزیر اعظم مودی کے ”سب کا ساتھ، سب کا وکاس“ کے ویژن کے مطابق / وی کے سکسینہ
سرینگر / این این بی // خطہ لداخ کے عوام کا ایک اور دیرینہ خواب پورا کرتے ہوئے لداخ کے لیفٹنٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے سانکو کو نئے ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق کرگل خطے کے لوگوں کیلئے ایک اہم انتظامی پیش رفت میںلیفٹنٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے سانکو کو نئے ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کو کرگل خطے کے لوگوں کے لیے ایک اہم انتظامی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے سرکاری خدمات تک عوام کی رسائی بہتر بنانے اور انتظامی امور کو مقامی سطح پر آسان بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔لیفٹنٹ گورنر نے یہ اعلان سانکو میں منعقدہ ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ”سب کا ساتھ، سب کا وکاس“ کے ویژن کے مطابق ہے۔ونے کمار سکسینہ نے سانکو کو ضلع بنانے کے مطالبے کو آگے بڑھانے میں انجمن صاحب الزمان کی تعمیری کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ادارے کے سرپرست اعلیٰ سید محمد رضوی (آغا میگی اوتھ) اور چیئرمین شیخ صادق بلاغی کے علاوہ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر جعفر اخون، رکن پارلیمنٹ محمد حنیفہ جان اور سابق چیف ایگزیکٹو کونسلر تاشی گیلسن کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔لیفٹنٹ گورنر نے اس مطالبے کے لیے جدوجہد کرنے والے تمام افراد کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سانکو کو ضلع بنانے کا اعلان علاقے کے عوام کی دیرینہ خواہشات کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔سانکو کو الگ ضلع بنانے کا مطالبہ مقامی نمائندوں اور باشندوں کی جانب سے طویل عرصے سے کیا جا رہا تھا۔ مقامی لوگوں کا مو ¿قف رہا ہے کہ علاقے کی آبادی، وسیع جغرافیائی حدود اور موجودہ انتظامی مراکز سے دوری کے پیش نظر اسے الگ ضلع کا درجہ دیا جانا ضروری ہے، تاکہ عوام کو سرکاری خدمات کے حصول میں درپیش مشکلات کم ہوں اور مقامی انتظامیہ زیادہ مو ¿ثر انداز میں کام کر سکے۔رواں سال مارچ میں کرگل کے ایک وفد نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ملاقات کے دوران سانکو اور شاکر چکتن کو الگ اضلاع بنانے کا مطالبہ اٹھایا تھا۔ وفد نے زور دیا تھا کہ لداخ کی مجوزہ انتظامی تنظیم نو میں ان دونوں علاقوں کو بھی شامل کیا جائے۔واضح رہے کہ لداخ میں اپریل 2026 کے دوران پانچ نئے اضلاع، یعنی شام، نوبرا، چانگ تھانگ، زنسکار اور دراس بنانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں خطے میں اضلاع کی تعداد دو سے بڑھ کر سات ہو گئی تھی۔سانکو کو چھٹا نیا ضلع بنانے کے تازہ اعلان کے بعد، باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے اور ضلع کو عملی طور پر فعال کیے جانے پر لداخ میں اضلاع کی مجموعی تعداد آٹھ ہو جائے گی۔ اس طرح کرگل خطے کی انتظامی تنظیم نو میں ایک اور اہم پیش رفت متوقع ہے۔










