چیئرمین قومی اقلیتی کمیشن نے جموںوکشمیر میں اقلیتی کمیونٹیوں کی فلاح و بہبود ، تحفظ اور شکایات کا جائزہ لیا

چیئرمین قومی اقلیتی کمیشن نے جموںوکشمیر میں اقلیتی کمیونٹیوں کی فلاح و بہبود ، تحفظ اور شکایات کا جائزہ لیا

جموں//چیئرمین قومی اقلیتی کمیشن (این سی ایم) ہرجیت سنگھ گریوال نے سرکٹ ہاؤس میں جموں و کشمیر انتظامیہ کے سینئراَفسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کا مقصد یونین ٹیریٹری میں اقلیتی کمیونٹیوں کے لئے فلاحی سکیموںکی عمل آوری، حفاظتی اِنتظامات اور شکایات کے ازالے کے نظام کا جائزہ لینا تھا۔میٹنگ میں سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود ڈاکٹر ڈائفوڈے ساگر دتاترے ، سپیشل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اتم چند، صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر وِکاس کنڈل، آئی جی پی جموں زون تیجندر سنگھ، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں منگا شیرپا، سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس جموں جوگندر سنگھ، ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود جموں رنجیت سنگھ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود نے اقلیتی کمیونٹیوں کی سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے شروع کئے گئے مختلف فلاحی اقدامات اور سرگرمیوں پر تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔پرزنٹیشن میں سرکاری فلاحی سکیموں، تعلیمی معاونت، مالی اِمداد کے پروگراموں اور دیگرایسے اَقدامات کا احاطہ کیا گیا جن کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ مستحق اَفراد تک ان کے مقررہ فوائد پہنچ سکیں۔ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود نے جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے عملائی جانے والی سکیموں کی ضلع وار تفصیلات پیش کیں۔ ان میں’ پردھان منتری جن وکاس کاریہ کرم (پی ایم جے وِی کے)‘، نیشنل مائنارٹیز ڈیولپمنٹ اینڈ فائنانس کارپوریشن (این ایم ڈِی ایف سی) کے ذریعے فراہم کئے جانے والے پروگرام اور دیگر متعلقہ سکیمیں شامل تھیں۔ پرزنٹیشن میں ان اَقدامات کی طبعی و مالی پیش رفت کے ساتھ ساتھ بنیادی سطح پر مستحقین تک فوائد کی رسائی بہتر بنانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو بھی اُجاگر کیا گیا۔چیئرمین نے اقلیتی کمیونٹیوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی صورتحال اور متعلقہ محکموں کی جانب سے ان پر کی گئی کارروائی کا جائزہ لیا۔ اِس موقعہ پر شکایات کے بروقت ازالے، مختلف محکموں کے درمیان مؤثر تال میل اور باقاعدہ فالو اَپ پر زور دیا گیا تاکہ حقیقی شکایات کا مناسب طور پر اَزالہ یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ میں تعلیمی مواقع اور پنجابی زبان کے فروغ سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔مزید برآں،میٹنگ میں جموں و کشمیر میں اقلیتی اور مائیگرنٹ کمیونٹیوںکی حفاظت اورتحفظ سے متعلق امور پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ اس دوران سکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی، حفاظتی اِداروں اور ضلعی اِنتظامیہ کے درمیان تال میل اور کمزور و حساس کمیونٹیوںکے مسائل کو دُور کرنے کے لئے مناسب اَقدامات کئے جائیں۔چیئرمین نے اقلیتی کمیونٹیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے قومی اقلیتی کمیشن، محکمہ سماجی بہبود اور دیگر متعلقہ حکام کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اَفسران اور کمیونٹیوںکے نمائندوں کی حوصلہ اَفزائی کی کہ وہ مخصوص شکایات اور مسائل کو کمیشن اور اِنتظامیہ کے نوٹس میں لائیں تاکہ ان کا جائزہ لے کر مناسب کارروائی کی جا سکے۔چیئرمین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مختلف کمیونٹیوں کے مخصوص مطالبات کا متعلقہ محکمانہ اور اِنتظامی سطحوں پر جائزہ لیا جائے بالخصوص جوتعلیم، زبان کے فروغ اور فلاح و بہبود سے متعلق ہیں۔میٹنگ نے جاری اقدامات کا جائزہ لینے، کلیدی مسائل کو اُجاگر کرنے اور اقلیتوں کے قومی کمیشن اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے درمیان اقلیتی کمیونٹیوں کی بہبود، سلامتی اور سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے تال میل کو مضبوط کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔