بنیادی ڈھانچے، صنعت اور تجارت کے شعبوں میں سرمایہ کاری ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی کیلئے اہم / وزیر اعظم مودی
سرینگر/ / این این بی // ملک کے ہر حصے کی ترقی، ہماری ترقی ہے کا نعرہ بلند کرتے ہوئے وزیر اعظم نریند ر مودی نے کہا کہ ہماری حکومت نے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، آمدورفت کی سہولیات بہتر بنانے اور سائنسی تحقیق کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے تمل ناڈو میں 13 ہزار کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں میں قومی شاہراہوں، ریلوے، بندرگاہوں، میٹرو ریل اور جدید سائنسی تحقیق سے متعلق اہم اقدامات شامل ہیں۔وزیرِ اعظم کے اس دورے کے دوران بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، آمدورفت کی سہولیات بہتر بنانے اور سائنسی تحقیق کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ان منصوبوں کے ذریعے تمل ناڈو میں ترقیاتی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔آئی آئی ٹی مدراس میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ساتھ تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ سی جوزف وجے بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماو ¿ں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور نئے منصوبوں کی بنیاد رکھی۔قومی شاہراہوں سے متعلق تقریباً 3,700 کروڑ روپے کے منصوبے بھی اس ترقیاتی پیکیج میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چنئی پورٹ، کامراجار پورٹ اور وی او چدمبرانار پورٹ سے متعلق اقدامات اور امرت ریلوے اسٹیشنوں کی ترقی کے منصوبے بھی شروع کیے گئے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے آئی آئی ٹی مدراس میں قائم سودھا گوپال کرشنن برین سینٹر کو قوم کے نام وقف کیا۔ یہ مرکز انسانی دماغ کی ساخت اور اس کے افعال پر جدید سائنسی تحقیق کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت انسانی زندگی کے مختلف مراحل، جنین سے لے کر بڑھاپے تک، 100 سے زائد انسانی دماغوں کے سہ جہتی نقشے تیار کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے چنئی میٹرو ریل منصوبے کے دوسرے مرحلے میں پوناملّی سے وڈاپالانی تک میٹرو لائن کا افتتاح بھی کیا۔ اس حصے کی تعمیر پر تقریباً 4,900 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔اس موقعہ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حکومتیں بدل سکتی ہیں، لیکن تمل ناڈو کی ترقی اور ریاست کے عوام کی خدمت کے لیے ان کا عزم ہمیشہ مضبوط اور غیر متزلزل رہے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ سی جوزف وجے کے ساتھ مل کر ریاست کو ترقی کی راہ پر آگے لے جانے اور عوام کی خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔ وز یر اعظم نے کہا، ”حکومتیں بدل سکتی ہیں، لیکن تمل ناڈو کی ترقی اور اس کے عوام کی خدمت کے لیے میرا عزم غیر متزلزل ہے۔ وزیرِ اعلیٰ وجے کے ساتھ مل کر ہم اس سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔“انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے ’میک اِن انڈیا‘ اور ’ووکل فار لوکل‘ جیسے اقدامات سے بھی تمل ناڈو کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔وزیر ِ اعظم کے مطابق ملک میں مینوفیکچرنگ شعبے کی ترقی کے نتیجے میں نوجوانوں کے لیے براہ راست اور بالواسطہ طور پر لاکھوں روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو کے عوام نے اس صنعتی ترقی میں قابل ذکر تعاون پیش کیا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ بنیادی ڈھانچے، صنعت اور تجارت کے شعبوں میں سرمایہ کاری ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے اور اس کے ثمرات نوجوانوں اور مقامی صنعتوں تک پہنچنے چاہئیں۔










