سری نگر//حکومت سری گفوارہ اور بجی بہاڑہ کے مختلف علاقوں میں 18 اور 19 ؍ستمبر 2026 ء کی درمیانی شب ہوئی ژالہ باری سے متاثرہ تمام اہل کسانوں کو مالی اِمداد فراہم کرے گی۔ اِس بات کا اِظہار نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے رُکن قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر بشیر احمد شاہ ویری کی طرف سے پیش کی گئی توجہ دلاؤ تحریک کا جواب دیتے ہوئے کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت نے فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینے اور قابلِ اطلاق ریلیف اور فصلوں کے بیمہ کے طریقۂ کار کے تحت اہل متاثرہ کسانوں کو مالی اِمداد فراہم کرنے کا نظام وضع کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا (پی ایم ایف بی وائی) کے تحت رجسٹرڈ کسانوں کو مناسب تصدیق کے بعد نامزد اِنشورنس کمپنیوں کی جانب سے براہِ راست مالی معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جن کسانوں نے پی ایم ایف بی وائی کے تحت رجسٹریشن نہیں کی ہے، انہیں سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ (ایس ڈِی آر ایف) کے تحت معاوضہ دیا جا سکتا ہے۔اُنہوں نے نقصان کی تفصیلات کے حوالے سے بتایا کہ اِبتدائی جائزے کے مطابق 415 کسانوں کی 83.5 ہیکٹر زرعی اَراضی متاثر ہوئی ہے۔ کئی مقامات پر دھان کی فصل کو 70 سے 95 فیصد تک نقصان پہنچا ہے جبکہ سب سے زیادہ نقصان ’ٹرائی ۔سکھراس‘ اور’ ہنومان پورہ‘ علاقوں میں رِپورٹ ہوا ہے۔باغبانی شعبے میں حفیظ آباد، اروانی، رکھ مومن، مرہامہ، ٹی ایم شاہ، سیمتھن، بالیار، ٹریل، ہنومان پورہ، اڈلاش اور چند پورہ سمیت مختلف علاقوں میں اِبتدائی طور پر 5 سے 15 فیصد تک نقصان کی اطلاع ملی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ فیلڈ ایجنسیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا مناسب جائزہ اور تصدیق مکمل کریں تاکہ اہل کسانوں کو مقررہ ضوابط کے مطابق اِمداد فراہم کی جا سکے۔










