امیت شرما نے راجوری میں ’ڈِسٹرکٹ سنسس ہیند بُک 2027 ‘کی تیاریوں کا جائزہ لیا

امیت شرما نے راجوری میں ’ڈِسٹرکٹ سنسس ہیند بُک 2027 ‘کی تیاریوں کا جائزہ لیا

راجوری//چیف پرنسپل سنسس آفیسراور ڈائریکٹرسنسس آپریشنزجموں و کشمیراور لداخ امیت شرما نے ضلع راجوری کے دورے کے دوران ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں’ ڈِسٹرکٹ سنسس ہینڈ بُک 2027 ‘کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔دورانِ میٹنگ ڈِسٹرکٹ سٹیٹس ٹیکل اینڈ ایویلیوایشن آفیسر (ڈ،ی ایس اِی او) سندیپ شرما نے چیف پرنسپل سنسس آفیسر کو ’ سیلف اینومریشن ‘کی پیش رفت اور فیلڈ عملے کی جاری تربیت کے بارے میں تفصیلی جانکاری دِی۔ امیت شرما نے سنسس کے پہلے مرحلے کے دوران ضلع اِنتظامیہ اور فیلڈ عملے کی قابلِ ستائش کارکردگی کو سراہا۔امیت شرما نے اِس بات پر زور دیا کہ مردم شماری ایک اہم قومی فریضہ ہے اور تمام متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ اِس عمل کو اِنتہائی لگن، درستگی اور مکمل توجہ کے ساتھ انجام دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دوسرا مرحلہ بھی یکساں طور پر اہم ہے اور فیلڈ عملے کو ہدایت دی کہ وہ معیاری اور درست ڈیٹا جمع کرنے، ڈیٹا کا مناسب تجزیے اور نقل مکانی کرنے والی آبادی کا مکمل احاطہ کرنے کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے مزیدڈیٹاکی باریک بینی سے تصدیق اور منظم انداز میں تدوین و ترتیب دینے کی ضرورت پر زور دیاتاکہ مردم شماری ضلع کی آبادی سے متعلق ایک قابلِ اعتماد اور جامع ڈیموگرافک پروفائل پیش کر سکے۔چیف پرنسپل سنسس آفیسر نے مردم شماری سے متعلق بیداری مہم میں سکولوں اور کالجوں کو شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور اس مقصد کے لئے سمیناروں اور بیداری پروگراموں کو منعقد کرنے کی ہدایت دی۔امیت شرما نے کہا کہ طلبأ اپنے کنبوں اور کمیونٹیوں میں مردم شماری سے متعلق معلومات پہنچانے میں اہم کردار اَدا کر سکتے ہیںجس سے مردم شماری کے عمل کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری اور عوامی شرکت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری روی کمار سیہاگ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کالاکوٹ محمد تنویر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ پریتم لال تھاپا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوترنکا دِل میر، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد جہانگیر خان، ایس ڈی ایم تھانہ منڈی عابد حسین شاہ اور تمام چارج اَفسران نے شرکت کی۔