اننت ناگ// پی ایچ اِی ڈویژن بجی بہاڑہ کی جانب سے اوہوپیسان شانگس میں طالب علموں کے لئے جل جیون مشن(جے جے ایم) کے تحت ’’اَپنے پانی کو جانیں‘‘ کے عنوان سے ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام کے ایک حصے کے طور پرطالب علموں کو اوہو پیسان میں قائم واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا مطالعاتی دورہ کرایا گیاجہاں انہیں پانی کو پینے کے لئے محفوظ بنانے اور گھریلو اِستعمال کے لئے سپلائی کے قابل بنانے کے مختلف مراحل سے روشناس کیا گیا۔ ان مراحل میں پانی کے منبع سے حصول، صفائی، فلٹریشن، جراثیم کشی، معیار کی جانچ اور تقسیم شامل ہیں۔اس مطالعاتی دورے کے دوران طالب علموں کو یہ سمجھنے کا موقع ملا کہ پانی اپنے قدرتی منبع سے واٹر ٹریٹمنٹ کے بنیادی ڈھانچے سے گزرتا ہوا کس طرح گھریلو نلکوں تک پہنچتا ہے۔ انہیں خام پانی کے منبع اور اسے محفوظ و پینے کے قابل بنانے کے لئے اختیار کئے جانے والے مختلف طریقۂ کار کے بارے میں بھی تفصیلی جانکاری دی گئی۔پروگرام کا مقصد نوجوان نسل میں صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی اہمیت، پانی کے تحفظ اور اس کے ذمہ دارانہ اِستعمال کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ اِس کا مقصد طالب علموں کو دیہی علاقوں میں پانی کے بہتر بنیادی ڈھانچے کے وسیع تر سماجی اثرات اور جل جیون مشن کے تحت حاصل ہونے والی کامیابیوں سے بھی روشناس کرانا تھا۔حکام نے اس بات ہر زور دیاکہ جل جیون مشن کے تحت توجہ اب محض فعال گھریلو نل کنکشن فراہم کرنے تک محدود نہیں رہی بلکہ اس بات کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے کہ دیہی گھرانوں کو پانی لانے کے لئے طویل فاصلے طے نہ کرنے پڑیں۔ گھریلو نلکوں کے ذریعے پانی کی دستیابی سے وقت کی بچت، سہولیت میں اِضافہ، صحت و صفائی کی صورتحال میں بہتری اور مجموعی معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
پروگرام کے دوران اِس بات پر زور دیا گیا کہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ محض ایک بنیادی ڈھانچہ نہیں بلکہ پانی کا منبع سے نل تک پہنچنے کا پورا سفر ہے جس میں ہر مرحلے پر پانی کا حصول،ٹریٹمنٹ اور ذمہ دارانہ انتظام شامل ہوتا ہے۔ پانی کے نظام کا دیرپا ہونا نہ صرف بنیادی ڈھانچے پر بلکہ کمیونٹی کی فعال شرکت پر بھی منحصر ہے۔طالب علموں کو ترغیب دی گئی کہ وہ پانی کے ذرائع کا تحفظ کریں، آلودگی کی روکتھام کریں، پانی کے ضیاع سے گریز کریں اور جہاں کہیں پانی کا رساؤ نظر آئے تو اس کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ انہیں پانی کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب، آبی ذرائع کے تحفظ اور پینے کے پانی کو ذِمہ داری سے اِستعمال کرنے کی ضرورت کے بارے میں بھی حساس بنایا گیا۔اِس اَقدام نے طالب علموں کو جل جیون مشن کے تحت دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے اور پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کیا۔ طالب علموں نے کہا کہ اس دورے سے انہیں پانی صاف کرنے کے عمل کو سمجھنے میں مدد ملی اور انہیں آنے والی نسلوں کی خاطر پانی کے تحفظ اور بچاؤ کی اہمیت کا احساس ہوا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پانی کے تحفظ کو اَپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں گے۔طالب علموں نے معلوماتی و مطالعاتی دورے کا اہتمام کرنے پر’ جل شکتی پی ایچ اِی ڈویژن بجی بہاڑہ کا شکریہ اَدا کیا۔










