جموں و کشمیر میں 8 آن لائن خدمات

جموں و کشمیر میں 8 آن لائن خدمات

معائنے کے لئے 7 دن کی مدت مقرر

سرینگر/یواین ایس/ جموں و کشمیر حکومت نے کاروباری منظوریوں کے عمل کو تیز کرنے اور عوام و کاروباری افراد کو بروقت خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے بزنس ریفارمز ایکشن پلان کے تحت آٹھ آن لائن خدمات کے لیے فیلڈ انسپیکشن کی زیادہ سے زیادہ مدت سات کام کے دن مقرر کردی ہے۔اس سلسلے میں محکمہ ہاؤسنگ و شہری ترقی کی جانب سے گورنمنٹ آرڈر نمبر 193-JK(HUD) آف 2026، مورخہ 11 ستمبر 2026 جاری کیا گیا ہے۔ حکم نامے کے مطابق متعلقہ آن لائن پورٹل پر درخواست موصول ہونے یا معائنے کے لیے مقرر کیے جانے کی تاریخ سے زیادہ سے زیادہ سات کام کے دنوں کے اندر فیلڈ انسپیکشن مکمل کرنا ہوگا۔حکومت کی جانب سے مقرر کردہ آٹھ آن لائن خدمات میں اسٹریٹ وینڈر لائسنس کے لیے وینڈنگ سرٹیفکیٹ، تجارتی ادارے کے لیے میونسپل ٹریڈ لائسنس یا این او سی، سیوریج کنکشن، عمارت کے نقشے کی منظوری، عمارت میں تبدیلی، توسیع، نظرثانی یا دوبارہ توثیق کی اجازت شامل ہے۔اس کے علاوہ عمارت کو منہدم کرکے دوبارہ تعمیر کرنے کی اجازت، عمارت کے پلنتھ کی منظوری اور عمارت کا تکمیلی یا قبضہ سرٹیفکیٹ بھی ان خدمات میں شامل ہیں۔حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ تمام خدمات کے سلسلے میں فیلڈ انسپیکشن سات کام کے دنوں کے اندر مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری منظوریوں کے عمل میں غیر ضروری تاخیر کو ختم کرنا اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔محکمہ ہاؤسنگ و شہری ترقی کے مطابق یہ حکم نامہ 27 فروری 2026 کو جاری کیے گئے سابقہ حکومتی حکم نامہ نمبر 43-JK(HUD) آف 2026 کے تسلسل میں جاری کیا گیا ہے۔حکومت نے متعلقہ محکموں اور افسران کو مقررہ مدت پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے، تاکہ آن لائن خدمات کے حصول میں درخواست گزاروں کو غیر ضروری انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے اور کاروباری معاملات سے متعلق منظوریوں کا عمل مزید مؤثر اور شفاف بنایا جاسکے۔یہ حکم نامہ حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے کمشنر سیکریٹری ہاؤسنگ و شہری ترقی محکمہ کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔