والی بال اکیڈمی کا سنگِ بنیاد رکھا ،عوامی فلاح کے مسائل پر عوام سے بات چیت کی
کلگام//وزیر برائے سماجی بہبود ، تعلیم ، صحت اور طبی تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے نہاما کا دورہ کیا اور ایک کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کی جانے والی والی بال اکیڈمی کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ تجویز کردہ والی بال اکیڈمی کا مقصد علاقے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور مقامی نوجوانوں کو جدید اور بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے تا کہ وہ اپنے کھیلوں کے ہُنر کو نکھار سکیں اور اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھا سکیں ۔ اس اقدام سے نوجوانوں کی کھیلوں میں زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی اور صحت مند و فعال طرز زندگی کو فروغ ملنے کی توقع ہے ۔ اپنے دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے مقامی باشندوں سے بات چیت کی اور ان کی شکایات ، ترقیاتی مسائل اور مطالبات سُنے ۔ نہاما اور ملحقہ گاؤں کے لوگوں نے ترقی سے متعلق مختلف مسائل اٹھائے اور ان کے بروقت حل کیلئے مداخلت کی درخواست کی ۔ محترمہ سکینہ ایتو نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائیز مسائل کا جائیزہ لیا جائے گا اور متعلقہ محکموں سے مناسب کارروائی کیلئے بات کی جائے گی ۔ محترمہ سکینہ ایتو نے زور دیا کہ حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے مختص کیا گیا ہر روپیہ قیمتی ہے اور اسے دانشمندی ، شفافیت اور موثر طریقے سے استعمال کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ روپے کی لاگت سے منظور شدہ منصوبہ عوامی سرمایہ کاری کی اہم شکل ہے اور اگر اسے صحیح طریقے سے نافذ کیا جائے تو یہ عوام کیلئے پائیدار اور قیمتی اثاثہ بن سکتا ہے ۔ اس موقع پر وزیر نے نئے منتخب شدہ آنگن واڑی ورکرز کو تقرری کے احکامات بھی تقسیم کئے اور فرنٹ لائن عملے کے کردار کو سراہا جو کمیونٹی پر مبنی خدمات اور خواتین و بچوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔










