منفرد دستکاری مصنوعات نے سیاحوں ، طلبأ اور دستکاری شوقین اَفراد کو مسحور کردیا
سری نگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم کشمیر نے اپنی مقبول ’’ اَپنے کاریگر کو جانیں‘‘سیریزکی کامیابی کو آگے بڑھاتے ہوئے جموں و کشمیر کے پہلے بین الاقوامی فلم فیسٹول کے موقعہ پر ایس کے پارک سری نگر میں اَپنا ستمبر ایڈیشن کامیابی کے ساتھ منعقد کیا۔محکمہ نے کشمیر کی اعلیٰ قدر کی جی آئی ٹیگ شدہ اور زوال پذیر دستکاریوں کو اُجاگر کرنے پر مرکوز اس پروگرام میں فن، دستکاری اور ورثے کا ایک شاندار امتزاج پیش کیا جسے سیاحوں، فن کے شائقین، طلبأاور لوگوںکی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔محکمہ کے ترجمان نے آج جاری ایک پریس بیان میں بتایا کہ کل 26 سٹال لگائے گئے جن میںہاتھ سے تیار کردہ منفرد شاہکار نمائش ک یلئے پیش کئے گئے ۔ان سٹالوں نے سیاحوں اور لوگوں کو ماہر دستکاروں کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنے، اصل دستکاریوں کو دیکھنے کا موقع ملا اوردستکاروں کو اپنی مصنوعات کی براہِ راست مارکیٹنگ کے لئے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم ہوا۔سکول آف ڈیزائنز کشمیر نے لائیو دستکاری مظاہروں کا اہتمام کیاجبکہ ایک خصوصی’ٹرائی کارنر‘ میںوزیٹروں کو مٹی کے برتن سازی، پیپر ماشی اور کڑھائی کے کام کا عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقعہ دیا گیا۔ جموں و کشمیرکلچرل اکیڈیمی کے اشتراک سے منعقد ہ لائیوموسیقی نے ثقافتی ورثے کے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔مختلف سکولوں اور کالجوں کے طالب علموںنے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور دستکاری کے معیار او رباریک بینی سے کئے گئے کام کو دیکھ کر مسحور ہوگئے ۔ اُنہوں نے دستکاروں سے بات چیت کی، مظاہرے دیکھے اور خود دستکاری بنانے کی کوشش کی جس سے انہیں اس ہنر اور مہارت کا براہِ راست تجربہ حاصل ہوا۔ترجمان نے کہا کہ اس اقدام نے دستکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اِظہار اور سیاحوں، خریداروں، طلبأ اورلوگوں سے براہ راست رابطہ قائم کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کیا۔اُنہوں نے کہا،’’ ’اَپنی کاریگر کو جانیں‘ کا مقصد کشمیر کی روایتی دستکاریوں کی ثقافتی قدر، اصلیت اور مہارت کے بارے میںبیداری پیدا کرنا اور دستکار و صارف کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا ہے۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ حوصلہ افزا ردِّعمل نے محکمہ کے اس عزم کو مزید تقویت دی ہے کہ وہ اس اقدام کو نمایاں سیاحتی اور دیگر پُرہجوم مقامات تک لے جائے تاکہ دستکاروں کے لئے زیادہ سے زیادہ نمائش، پہچان اور مارکیٹ تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔محکمہ نے سیاحوں، خریداروں اور دستکاری کے شائقین سے اپیل کی کہ وہ اصل مصنوعات خرید کر اور ’’ووکل فار لوکل‘‘ مہم میں شامل ہو کر کشمیر کے دستکاری اساتذہ کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ خطے کے شاندار دستکاری ورثے کو محفوظ رکھنے اور اسے دوبارہ احیأکرنے میں مدد مل سکے۔










