جموں و کشمیر میں بارش اور گرج چمک کا امکان

جموں و کشمیر میں بارش اور گرج چمک کا امکان

گلمرگ سرد ترین مقام رہا،موسمیاتی رجحان میں بدلائو کا اشارہ

سرینگر/یو این ایس / محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں ڈویژن کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کشمیر میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش یا گرج چمک کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات مرکز سرینگر کی جانب سے اتوار کو صبح 11 بجے جاری موسمیاتی بلیٹن کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران بھی جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر ڈویڑن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بیشتر مقامات پر معمول کے قریب رہا، جبکہ جموں ڈویژن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے ایک سے دو ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔کشمیر میں قاضی گنڈ میں سب سے زیادہ 27.2 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جموں ڈویڑن میں جموں شہر 32.7 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین مقام رہا۔رات کے درجہ حرارت میں پورے خطے میں معمول سے کمی ریکارڈ کی گئی۔ کشمیر کے بیشتر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت معمول سے ایک سے دو ڈگری سینٹی گریڈ کم جبکہ جموں ڈویڑن کے بیشتر علاقوں میں ایک سے تین ڈگری سینٹی گریڈ کم رہا۔گلمرگ کشمیر کا سرد ترین مقام رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جموں ڈویڑن میں بانہال میں رات کا سب سے کم درجہ حرارت 12.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کٹھوعہ کے برمل علاقے میں ریکارڈ کی گئی، جہاں 19.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 6 ستمبر کو کشمیر میں چند ایک مقامات پر بارش جبکہ جموں ڈویڑن میں مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ 7 سے 10 ستمبر تک کشمیر اور جموں دونوں ڈویڑنوں میں چند ایک مقامات پر بارش ہوسکتی ہے، جبکہ 11 اور 12 ستمبر کو دونوں ڈویڑنوں میں مختلف مقامات پر بارش کی سرگرمی میں اضافہ متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کشمیر ڈویژن کے لیے آئندہ سات روز کے دوران کسی خاص موسمی انتباہ یا شدید موسم کے اثرات کی پیش گوئی نہیں کی ہے۔تاہم جموں ڈویژن میں 6 ستمبر کو کسی ایک مقام پر شدید بارش، گرج چمک، بجلی گرنے اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعد کے دنوں میں بھی بعض مقامات پر گرج چمک، بجلی اور تیز ہواؤں کی سرگرمی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 7 ستمبر کو سرینگر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہ سکتا ہے۔جموں میں بھی 7 ستمبر کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ یہاں دن کا درجہ حرارت تقریباً 34 ڈگری جبکہ رات کا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بارش کی شدت اور پھیلاؤ کے لیے مختلف اصطلاحات استعمال کی ہیں۔ چند ایک مقامات سے مراد ایک سے 25 فیصد موسمی مراکز پر بارش، جبکہ مختلف مقامات سے مراد 26 سے 50 فیصد مراکز پر بارش ریکارڈ ہونا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 7 ستمبر کو سرینگر میں سورج صبح 6 بج کر 8 منٹ پر طلوع ہوگا، جبکہ 6 ستمبر کو سورج شام 6 بج کر 50 منٹ پر غروب ہوگا۔ جموں میں 7 ستمبر کو سورج صبح 6 بج کر 9 منٹ پر طلوع اور شام 6 بج کر 49 منٹ پر غروب ہونے کی توقع ہے۔