dooran

پونچھ میں فوج نے نالے سے 15 سالہ لڑکی کو بحفاظت نکال لیا

سرینگر// یو این ایس / پونچھ ضلع کے مینڈھر علاقے میں فوج نے جمعہ کو ایک کمسن لڑکی کو نالے میں بہنے کے دوران بحفاظت نکال لیا۔ لڑکی کی شناخت بعد میں عظمیٰ کوثر دختر گل سید، ساکن بلنوئی کے طور پر ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق، مینکوٹ سیکٹر میں فارورڈ پوسٹ پر تعینات فوجی اہلکاروں نے دوپہر کے وقت ایک نامعلوم لڑکی کو مینڈھر نالہ میں بہتے ہوئے دیکھا۔ لڑکی کی عمر تقریباً 14 سے 16 سال بتائی گئی ہے اور وہ بلنوئی کی جانب سے روشنی منڈی کے راستے بہہ رہی تھی۔صورتحال کو دیکھتے ہوئے 30 پنجاب رجمنٹ کے فوجی اہلکار فوری طور پر نالے میں اترے اور لڑکی کو تلاش کرکے کیٹرا پوسٹ کے قریب نالے سے باہر نکال لیا۔ اس وقت لڑکی بے ہوش حالت میں تھی۔فوجی اہلکاروں نے بعد میں لڑکی کو 30 پنجاب یونٹ کی جانب سے پرائمری ہیلتھ سینٹر مینکوٹ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کا معائنہ کیا۔ پولیس پوسٹ مینکوٹ، طبی عملے اور مقامی لوگوں کو بھی واقعے کے بارے میں اطلاع دی گئی۔حکام کے مطابق لڑکی کی شناخت عظمیٰ کوثر دختر گل سید، ساکن بلنوئی کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے اہل خانہ کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے جبکہ اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔دریں اثنا، مقامی لوگوں نے کمسن لڑکی کی جان بچانے کے لیے فوجی اہلکاروں کی فوری کارروائی کو سراہا ہے۔