ہیجن برنوار جموںوکشمیر کے سیاحتی نقشے کی دہلیز پر ۔سپیکر جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی

ہیجن برنوار جموںوکشمیر کے سیاحتی نقشے کی دہلیز پر ۔سپیکر جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی

68 لاکھ روپے مالیت کے بنیادی ڈھانچے کے کام کا ٹینڈر جاری

سری نگر//ضلع بڈگام کے خوبصورت اور پُرسکون سیاحتی مقام ہیجن برنوار کو سیاحتی نقشے پر لانے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے جہاں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے 68 لاکھ روپے مالیت کے کام کا ٹینڈر آج جاری کیا گیا۔مقامی آبادی، نوجوانوں اور سیاحتی شعبے سے وابستہ اَفراد نے اس پیش رفت پر خوشی کا اِظہار کرتے ہوئے سپیکرجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی اور رُکن اسمبلی چرارِ شریف عبدالرحیم راتھر کا شکریہ اَدا کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہیجن میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سے علاقے میں سیاحت کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اِس موقعہ پر سپیکر موصوف نے کہا کہ ان کا مقصد پورے چرارِ شریف اسمبلی حلقے کو جموں و کشمیر کا ایک مثالی ماڈل حلقہ بنانا ہے جس کے لئے سیاحت، بنیادی ڈھانچے اور دیرپا روزگار کے مواقع کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ضلع بڈگام کے برنوار گاؤں کے قریب واقع ہیجن سری نگر سے تقریباً 36 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ یہ سیاحتی مقام ہرے بھرے میدانوں، کھلے کھلے میدانوں اور اونچے دیودار اور کانیفرس درختوں سے گھرا ہوا ہے جبکہ وادی میں بہتا ہوا صاف پانی کا نالہ اس کی قدرتی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتا ہے۔یہ مقام سرسبز چراگاہوں، وسیع میدانوں اور پہاڑی ماحول کے درمیان واقع یہ مقام گرمیوں میں مقامی چرواہوں کی سرگرمیوں اور روایتی لکڑی کے باعث کشمیر کے روایتی دیہی طرزِ زندگی کی خوبصورت عکاسی بھی کرتا ہے۔ہیجن میں قدرتی میدان پر مشتمل کرکٹ گراؤنڈ بھی موجود ہے جو نوجوانوں اور کھیلوں کے شوقین اَفراد کے لئے خصوصی کشش رکھتا ہے۔ یہ مقام قدرتی سیر، مختصر ہائیکنگ، فوٹوگرافی، پکنک اورپُرسکون تفریح کے لئے موزوں ہے۔مقامی لوگوں اور سیاحتی شعبے سے وابستہ اَفراد نے اُمید ظاہر کی کہ بنیادی ڈھانچے کی مجوزہ ترقی سے ہیجن برنوار وسطی کشمیر کا ایک اہم سیاحتی مرکز بنے گا جس سے مقامی معیشت کو تقویت ملے گی اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے راستے کھلیں گے۔