جموںوکشمیر نے ایس کے آئی سی سی میں اِنتظامی ڈیٹا ہم آہنگی پر یوٹی سطح کی ورکشاپ کا اِنعقاد کیا

جموںوکشمیر نے ایس کے آئی سی سی میں اِنتظامی ڈیٹا ہم آہنگی پر یوٹی سطح کی ورکشاپ کا اِنعقاد کیا

سری نگر//ڈائریکٹوریٹ آف اِکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس (ڈِی اِی ایس) جموں و کشمیر نے محکمہ منصوبہ بندی، ترقی و نگرانی کے تحت ایس کے آئی سی سی سری نگر میں’’اِنتظامی ڈیٹا ہم آہنگی‘‘ پر ایک روزہ یوٹی لیول کی ورکشاپ کا اِنعقاد کیا تاکہ سرکاری محکموں میں اِنتظامی ڈیٹا کے معیار، مستقل مزاجی، باہمی تعامل اور مؤثر اِستعمال کو مضبوط بنایا جا سکے۔ورکشاپ کے مہمان خصوصی مرکزی سیکرٹری سٹیٹسٹکس اینڈ پروگرام امپلائی منٹیشن( ایم او ایس پی آئی) ڈاکٹر سوربھ گرگ تھے۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری پلاننگ ، ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ آر ایلس ویزاور دیگر اہم لائن محکموں کے اِنتظامی سیکرٹریز بھی موجود تھے۔ آر ایلس ویز نے اَپنے خطاب میں ورکشاپ کے وسیع مقاصد سے روشناس کیا اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی، مؤثر وسائل کی تقسیم اور نتائج پر مبنی حکمرانی کے لئے قابل اعتبار، معیاری اور بروقت ڈیٹا کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے محکموں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی اور ڈیٹا سسٹم کو بہتر بنانے پر زور دیا۔کمشنر سیکرٹری پی ڈِی اینڈ ایم ڈی نے محکمانہ ملکیت، بین محکمہ جاتی ہم آہنگی اور دیرپا اِدارہ جاتی میکانزم کی اہمیت کو اُجاگر کیا تاکہ منصوبہ بندی، نگرانی اور شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کے مطابق باقاعدہ اور معیاری اِنتظامی ڈیٹا کے بہاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔اِس موقعہ پرمہمان خصوصی ڈاکٹر سوربھ گرگ نے قومی شماریاتی نظام کو مضبوط بنانے میں انتظامی ڈیٹا کے کلیدی کردار کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے موازنہ، انٹر آپریبلٹی اور شماریاتی معیار کو یقینی بنانے کے لئے تصورات، تعریفات، درجہ بندیوں، میٹا ڈیٹا اور معیارات کی ہم آہنگی پر زور دیا اور جموں و کشمیر کو ڈیٹا سٹریٹجک یونٹوں اور چیف ڈیٹا اَفسران جیسے اِدارہ جاتی میکانزم سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔ڈائریکٹر جنرل اِکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس جموںوکشمیر آشو گپتا نے اَپنے اِستقبالیہ خطاب میں ورکشاپ کو سرکاری محکموں میں ایک مشترکہ شماریاتی زبان قائم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ ہم آہنگی کا مقصد محکمانہ ملکیت اور جوابدہی کو برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ معیارات، تعریفات، درجہ بندیوں اور میٹا ڈیٹا کا قیام ہے۔ اُنہوں نے منقسم اور وقتی ڈیٹا اِکٹھا کرنے سے ایک باقاعدہ، منظم اور معیار یقینی شدہ انتظامی ڈیٹا ایکو سسٹم کی طرف منتقل کرنے پر زور دیا۔تکنیکی سیشنوں میںایم او ایس ی آئی، حکومت دہلی، حکومت کرناٹک، دہلی ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی، پاپولیشن کونسل اور دیگر پیشہ ورانہ اِداروں کے ماہرین نے شرکت کی۔ ایک مخصوص بحث بھی کی گئی تاکہ انتظامی ڈیٹا سیٹس کی نشاندہی کی جا سکے جنہیں اے آئی کے لئے تیار کیا جا سکے جس سے بہتر تجزیات، اِختراعات اور شواہد پر مبنی حکمرانی میں سہولیت ہو گی۔ کُٹمبا اقدام نے سرکاری فوائد اور خدمات کی ہدفی فراہمی کے لئے مربوط ڈیجیٹل فیملی رجسٹریوں کے استعمال کے عملی مشورے فراہم کئے۔ورکشاپ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے بہتر شواہد پر مبنی منصوبہ بندی، مؤثر پروگرام کی نگرانی اور بہتر حکمرانی کے نتائج کے لئے ایک قابل اعتماد، باہمی تعاون کے قابل اور مستقبل کے لئے تیار اِنتظامی ڈیٹا ایکو سسٹم کی تعمیر کے مشترکہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔جوائنٹ ڈائریکٹر (سینٹرل ) ڈِی اِی ایس جموںوکشمیر نوشاد احمد نے اِختتامی کلمات پیش کئے جبکہ ریجنل ڈائریکٹر (ایویلیوایشن اینڈ سٹیٹسٹکس) کشمیر شاویز احمد نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔