جموں و کشمیر میں موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان

جموں و کشمیر میں موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان

چند مقامات پر مختصر بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی

سری نگر//یو این ایس / جموں و کشمیر میں آئندہ چند روز کے دوران موسم مجموعی طور پر گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم مختلف مقامات پر خاص طور پر صبح سویرے اور دوپہر کے اوقات میں مختصر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مرکز سری نگر کے ڈائریکٹر مختار احمد نے بتایا کہ 29 اور 30 اگست کو موسم عموماً گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ بعض مقامات پر صبح اور دوپہر کے دوران مختصر بارش یا گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ 31 اگست اور یکم ستمبر کو بھی موسم عمومی طور پر گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ایک یا دو دور ہوسکتے ہیں۔ جموں ڈویڑن کے بعض اضلاع میں صبح سویرے اور دوپہر کے اوقات میں مختصر مدت کے لیے تیز یا شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 2 سے 10 ستمبر تک موسم عمومی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم اس دوران بھی بعض مقامات پر صبح سویرے اور دوپہر کے وقت مختصر بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے اپنی ایڈوائزری میں خبردار کیا ہے کہ مقامی سطح پر مختصر مگر شدید بارش کے نتیجے میں اچانک سیلاب، کیچڑ کے تودے گرنے اور مٹی کے تودے کھسکنے کے واقعات پیش آسکتے ہیں، خاص طور پر 31 اگست اور یکم و 2 ستمبر کے دوران۔محکمہ نے کمزور اور تودے گرنے کے خطرے سے دوچار علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو شدید بارش کے دوران محتاط رہنے اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔دریں اثنا، محکمہ موسمیات کے مرکز نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فصلوں کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں، کیونکہ مختصر بارش کے اوقات کو چھوڑ کر مجموعی طور پر موسمی حالات زیادہ تر زرعی سرگرمیوں کے لیے سازگار رہنے کی توقع ہے۔