ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر کا اَپنے سابق ڈائریکٹر غضنفر علی کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار

سری نگر// ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر نے ایک تعزیتی میٹنگ منعقد کی جس میں سابق ڈائریکٹر ہینڈ لوم غضنفر علی جن کی جمعرات کی رات سری نگر میں اِنتقال ہوگیا ، کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ کے اَفسران اور ملازمین نے میٹنگ میں شرکت کی اور اُن کی وفات پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا۔شرکأ نے مرحوم کی روح کے اَبدی سکون کے لئے دُعا کی اور سوگوار کنبے سے دلی تعزیت کا اِظہار کیا۔شرکأ نے ان کی نمایاں خدمات کو یاد کرتے ہوئے محکمہ ہینڈی کرافٹس میں غضنفر علی کے دور کو ان کے دوستانہ اور خلوص رویے کے لئے یاد کیا۔ اُنہوں نے اِس سیکٹر کے اِدارہ جاتی فریم ورک کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو بھی سراہا اور ان کے پیشہ ورانہ طرزِ عمل اور لگن کو ان کی میراث کا اہم حصہ قرار دیا۔ میٹنگ میں اس بات کا بھی ذِکر کیا گیاکہ ان کا انتقال نہ صرف ان کے کنبے اور دوستوں کے لئے بلکہ ان تمام لوگوں کے لئے بھی ایک نقصان ہے جنہوں نے ان کے ساتھ کام کیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر نے خطاب کرتے ہوئے اس نقصان پر گہرے دُکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ غضنفر علی صاحب کو ان کی وقف خدمات، پیشہ ورانہ دیانتداری اور عزم کے لئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی خدمت اور روایتی دستکاریوں کی ترقی میں ان کی شراکت محکمہ کی ادارہ جاتی یادداشت کا حصہ بنی رہے گی اورکنبے سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبرکے لئے دُعا کی۔ڈائریکٹوریٹ دُکھ کی اس گھڑی میں سوگوار کنبے کے ساتھ برابر کا شریک ہے اور شانہ بہ شانہ کھڑا ہے ۔