jitandar singh

جموں۔سرینگر روٹ پر تیسری وندے بھارت ٹرین

جلد شروع ہوگی،ادھم پور میں قیام کی بھی منظوری/ڈاکٹر جتیندر سنگھ

سرینگر//یواین ایس / مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضی علوم ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ جموں۔سرینگر ریلوے روٹ پر جلد ہی تیسری وندے بھارت ٹرین سروس شروع کی جائے گی، جبکہ عوامی مطالبے کے بعد ریلوے نے ٹرین کے اودھم پور میں قیام کی بھی منظوری دے دی ہے۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ریلوے رابطے کے حوالے سے یہ ایک اہم پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اودھم پور میں ٹرین کے قیام کا مطالبہ کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا اور اب اس کی منظوری دے دی گئی ہے۔انہوں نے اس منظوری کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی، وزارت ریلوے اور ریلوے وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر میں ریلوے رابطے کی توسیع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جموں ریلوے اسٹیشن 1972 میں قائم ہوا تھا، تاہم اس کے بعد کئی دہائیوں تک ریلوے نیٹ ورک کو خطے کے دیگر علاقوں تک وسعت دینے میں وقت لگا۔انہوں نے کہا کہ بعد کے برسوں میں ریلوے رابطے کو جموں سے کٹھوعہ، اودھم پور اور پھر وادی کشمیر تک توسیع دی گئی، جس سے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں کے درمیان سفر اور رابطے میں بہتری آئی۔مرکزی وزیر نے کہا کہ کشمیر تک ریلوے لائن پہنچانا ایک بڑا چیلنج تھا کیونکہ اس منصوبے کو دشوار گزار اور پہاڑی علاقوں سے گزارنا پڑا۔ تاہم تمام مشکلات کے باوجود اس اہم منصوبے کو مکمل کیا گیا۔انہوں نے دریائے چناب پر ریاسی میں تعمیر کیے گئے دنیا کے بلند ترین ریلوے پل کو بھی ایک بڑی انجینئرنگ کامیابی قرار دیا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے مطابق جموں اور سرینگر کے درمیان ریلوے سفر اب سیاحوں کے لیے بھی خاص کشش رکھتا ہے اور لوگ اس خوبصورت اور پہاڑی راستے کے مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے ٹرین کے ذریعے سفر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیسری وندے بھارت ٹرین کے شروع ہونے اور اودھم پور میں قیام کی منظوری سے جموں و کشمیر میں ریلوے خدمات کو مزید وسعت ملنے کی امید ہے۔