ہند۔ سنگاپور کا اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

ہند۔ سنگاپور کا اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

نئی دہلی/یو این آئی// ہندستان اور سنگاپور کے درمیان چوتھی وزارتی گول میز میٹنگ جمعرات کو سنگاپور میں ہوئی جس میں دونوں فریقین کے وزراء نے اعلی درجے کی مینوفیکچرنگ، کنیکٹیویٹی، ڈیجیٹلائزیشن، صحت و طب، ہنرمندی کے فروغ اور پائیداری جیسے شعبوں میں جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزارت خارجہ نے جمعہ کو بتایا کہ وزراء نے سبز معیشت، صنعتی پارک، غذائی تحفظ، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور فن ٹیک، سیمی کنڈکٹر نیز گرین شپنگ میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے یو پی آئی – پے ناؤ لین دین میں اضافے ، سنگاپور میں ہندستانی جینرک ادویات کے رجسٹریشن کے پائلٹ پروجیکٹ، ہندستانی لیچی، آم، چیری اور بیر کی برآمد، پراسیس شدہ پولٹری پروڈکٹس کی برآمد کے لیے منظوری، چنئی میں قومی ہنرمندی کے بہترین مرکز کی ترقی، چوتھے سنگاپور-ہندستان ہیکاتھون، سیمی کنڈکٹر کے لیے آنے والی گرین لین پہل ، گرین ہائیڈروجن سپلائی چین اور بنگلورو میں سنگاپور بزنس فیڈریشن کے دفتر کے کھلنے سمیت مختلف شعبوں میں ہوئی پیش رفت کا ذکر کیا۔ دونوں فریقین نے غذائی تحفظ کے تعاون، سمندری ورثے کے تعاون نیز ٹیلی کام اور براڈکاسٹنگ کے شعبے میں ریگولیٹری معلومات کے تبادلے سے متعلق دو مفاہمت ناموں اور ایک لیٹر آف انٹینٹ کا تبادلہ کیا۔ دونوں فریقین نے ہندستانی ریاستوں اور سنگاپور کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا، جس میں ہندستان کے وزرائے اعلیٰ کے سنگاپور کے باقاعدہ دورے شامل ہیں۔