جموں وکشمیرکے مذہبی ، ثقافتی اور تعمیراتی ورثے کے تحفظ کیلئے اہم منصوبے
سر ی نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر نے شوپیاں میں تاریخی جامع مسجد شریف اور رام بن میں سرودھر چومنڈا ماتا مندر کی بحالی اور مرمت کے لئے 16.36 کروڑ روپے کے دو بڑے ورثے کے تحفظ کے منصوبوں کو منظوری دی ہے۔حکومت نے شوپیاں کی تاریخی جامع مسجد شریف کی ورثہ طرز پر بحالی اور مرمت کے لئے 6.05 کروڑ روپے منظور کئے ہیں۔ اِس منصوبے کا مقصد مسجد کے منفرد تعمیراتی کردار کو برقرار رکھتے ہوئے آنے والی نسلوں کے لئے اس کے بھرپور ثقافتی و تاریخی ورثے کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔حکومت نے ایک اور اہم فیصلے کے تحت رام بن کے سرودھر چومنڈا ماتا مندر کی بحالی اور مرمت کے لئے 10.31 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ اِس منصوبے کا مقصد مندر کی تاریخی اور مذہبی اہمیت کے تحفظ اور اسے مضبوط بنانا ہے اور اس کے تعمیراتی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔










