دہلی، یوپی اور بہار میں شدید بارش کا الرٹ، اتراکھنڈ میں سیلاب کا خطرہ

دہلی، یوپی اور بہار میں شدید بارش کا الرٹ، اتراکھنڈ میں سیلاب کا خطرہ

ملک بھر میں مانسون سرگرم ہو گیا ہے۔ آج دہلی سمیت کئی ریاستوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے دہلی-این سی آر، اترپردیش اور دیگر کئی ریاستوں میں بارش ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو گرمی سے کافی راحت ملی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آج دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم از کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ آج اترپردیش، بہار، مدھیہ پردیش، راجستھان سمیت دیگر ریاستوں میں موسم کیسا رہے گا۔ آئی ایم ڈی نے 11 سے 16 جولائی تک کئی ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، اتر پردیش، دہلی، این سی آر، بہار، مغربی بنگال اور شمال مشرقی ریاستوں میں اگلے کئی دنوں تک شدید بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
آئی ایم ڈی کے مطابق آج مشرقی اتر پردیش، بہار، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں شدید بارش کا امکان ہے۔ 11 سے 12 جولائی کے دوران ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں بھی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے اگلے 24 گھنٹوں کے لیے اتراکھنڈ کے الموڑہ، باگیشور، چمولی، چمپاوت، دہرادون، نینیتال، پوڑی، گڑھوال، پتھورہ گڑھ، اور ٹہری گڑھوال اضلاع میں درمیانے سطح کے سیلاب کے خطرے کا امکان ہے۔ مسلسل ہو رہی بارش کے سبب نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں 16 جولائی تک شدید بارش ہونے کی امید ہے۔ پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، اور دہلی میں 13 جولائی تک شدید بارش ہوسکتی ہے۔ جب کہ مغربی اترپردیش میں 11 جولائی اور مشرقی اترپردیش میں 12 جولائی سے 14 جولائی کے درمیان بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ مشرقی مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال میں بھی آئندہ ہفتے تک کئی مقامات پر بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
مشرقی مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، بہار اور اڈیشہ کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، گرج چمک اور 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ جبکہ راجستھان میں بھی آج بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگا لینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 16 جولائی تک تیز بارش کا امکان ہے۔ ان ریاستوں کے مختلف حصوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ کوکن، گوا، ساحلی کرناٹک، کیرالہ، اور ماہے میں شدید بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تمل ناڈو، تلنگانہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔