بھارت انڈونیشیا کو براہموس اور استرا میزائل فراہم کرے گا، دفاعی تعاون میں تاریخی پیش رفت
سرینگر//بھارت اور انڈونیشیا نے دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچاتے ہوئے انڈونیشیا کو براہموس سپر سونک کروز میزائل اور آسٹرا فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم نریندر مودی اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں آزاد، محفوظ اور پرامن ہند۔بحرالکاہل خطے کے لیے باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔یو این ایس کے مطابق دونوں ممالک نے دفاع، اہم معدنیات، اسٹیل سپلائی چین، بحری سلامتی، ادویات، تعلیم، خلائی تحقیق، ٹیلی کمیونی کیشن، تحقیق و اختراع اور غذائی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مجموعی طور پر 14 معاہدوں پر دستخط کیے۔ایک اہم پیش رفت کے طور پر بھارت اور انڈونیشیا نے آبنائے ملاکا کے قریب واقع اسٹریٹجک اہمیت کے حامل سبانگ بندرگاہ کی مشترکہ ترقی پر بھی اتفاق کیا۔ صدر پرابوو سوبیانتو نے کہا کہ سبانگ اور بھارت کے انڈمان و نکوبار جزائر کے درمیان رابطے کو مزید مستحکم کیا جائے گا، جو خطے میں اقتصادی اور بحری تعاون کو فروغ دے گا۔وزیراعظم نریندر مودی نے مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور انڈونیشیا کے تعلقات ایک “سنہری دور” میں داخل ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک ترقی، سلامتی، ٹیکنالوجی، ثقافت اور تعلیم سمیت ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف “زیرو ٹالرنس” پالیسی اپنانے پر زور دیا اور عالمی سطح پر کالعدم دہشت گرد تنظیموں اور عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی حمایت کی۔ دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ عالمی کشیدگی کے موجودہ ماحول میں مسائل کا حل صرف بات چیت اور سفارت کاری سے ممکن ہے۔ انہوں نے فلسطین مسئلے کے دو ریاستی حل کے لیے بھارت کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔یو این ایس کے مطابق دفاعی معاہدوں کے تحت بھارت انڈونیشیا کو براہموس کروز میزائل اور آسٹرا بیونڈ وڑول رینج میزائل فراہم کرے گا۔ اندازہ ہے کہ ان دونوں دفاعی معاہدوں کی مجموعی مالیت 60 کروڑ امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔ گزشتہ برس آپریشن سندور کے دوران بھارتی افواج نے ان ہتھیاروں کا مؤثر استعمال کیا تھا۔براہموس میزائل بھارت اور روس کے مشترکہ ادارے “براہموس ایرو اسپیس” کی تیار کردہ سپر سونک کروز میزائل ہے۔ اس سے قبل بھارت فلپائن اور ویتنام کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے دفاعی معاہدے کر چکا ہے۔دونوں ممالک نے بحری سلامتی، ساحلی محافظ دستوں کے درمیان تعاون، جہاز سازی، دفاعی سازوسامان کی مشترکہ پیداوار، مرمت و دیکھ بھال کی سہولیات (ایم آر او) کے قیام اور بحرِ ہند میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ انڈونیشیا بھارت کے انٹیگریٹڈ فیوڑن سینٹر۔انڈین اوشن ریجن میں ایک رابطہ افسر بھی تعینات کرے گا۔یو این ایس کے مطابق بھارت نے انڈونیشیا میں اسٹیل، نکل اور نایاب معدنیات سے مستقل مقناطیس تیار کرنے والی صنعتوں میں سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا، جو الیکٹرک گاڑیوں، ونڈ ٹربائنز اور اسمارٹ فونز کی تیاری کے لیے انتہائی اہم سمجھے جاتے ہیں۔وزیراعظم مودی نے بتایا کہ بھارت کا یو پی آئی ادائیگی نظام جلد ہی انڈونیشیا کے ڈیجیٹل ادائیگی نظام سے منسلک کیا جائے گا، جس سے تجارت اور سیاحت دونوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) بنگلورو کا ایک کیمپس بھی انڈونیشیا میں قائم کیا جائے گا۔دریں اثنا، انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے وزیراعظم نریندر مودی کو دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر انڈونیشیا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بنتانگ آدی پورنا آف دی ریپبلک آف انڈونیشیا” سے نوازا۔ مودی نے اس اعزاز کو بھارت کے عوام اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی کے نام منسوب کرتے ہوئے انڈونیشیا کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔










