بنگلورو/ایجنسیز//بنگلورو سے تعلق رکھنے والی ایک سافٹ ویئر انجینئرانجلی نے اپنے ماہانہ اخراجات کی تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئرکیں، جس کے بعد یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہوگئی۔ اخراجات کے مطابق وہ ہر ماہ تقریباً 71 ہزار خرچ کرتی ہے، جن میں سے 20 ہزار صرف ہفتہ وار سیاحت اور تفریح پر خرچ کیے جاتے ہیں۔ شیئر کیے گئے بجٹ کے مطابق آمدنی کا بڑا حصہ مکان کا کرایہ، راشن، کھانے پینے، آمدورفت، یوٹیلیٹی بلز اور دیگر روزمرہ ضروریات پر صرف ہوتا ہے، تاہم سب سے زیادہ توجہ ہفتہ وار سفر اور سیر و تفریح پر ہونے والے 20 ہزار کے خرچ نے حاصل کی۔پوسٹ وائرل ہونے کے بعد ہزاروں سوشل میڈیا صارفین نے اس پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ بعض افراد نے انجینئر کے کام اور ذاتی زندگی کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ سفر کرنے کے فیصلے کو سراہا، جبکہ دیگر نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور مالی غیر یقینی کے دور میں اسے اسراف کہا۔










