rajnath singh

مضبوط معیشت، جدید ٹیکنالوجی اور قومی سلامتی عظیم قوم کی بنیادیں ہیں

مضبوط دفاعی صنعت معیشت، روزگار اور قومی سلامتی کو نئی طاقت دیتی ہے// راج ناتھ سنگھ

سرینگر// مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ایک عظیم اور مضبوط قوم کی تعمیر تین بنیادی ستونوں یعنی مضبوط معیشت، جدید ٹیکنالوجی اور قومی سلامتی پر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تینوں عناصر ایک دوسرے سے گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں اور ان کی مضبوطی ہی بھارت کو عالمی سطح پر بااثر ملک بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔یو این ایس کے مطابق منگل کو وڈودرا میں وائبرنٹ گجرات ریجنل کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ وائبرنٹ گجرات* کا پلیٹ فارم اب صرف گجرات تک محدود نہیں رہا بلکہ گزشتہ دو دہائیوں میں یہ “وکست بھارت” کے قومی وڑن سے جڑی ایک وسیع تحریک بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں صنعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایم ایس ایم ایز)، قبائلی مصنوعات، بھاری صنعتوں اور دفاعی شعبے سمیت مختلف شعبوں کی نمائندگی دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے دفاعی صنعت میں ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجی صنعتوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیر دفاع نے گجرات کی قومی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی سرزمین نے ملک کو مہاتما گاندھی، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور وزیر اعظم نریندر مودی** جیسے رہنما دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد عالمی سطح پر بھارت کا وقار نمایاں طور پر بڑھا ہے اور آج بین الاقوامی فورمز پر بھارت کی آواز کو پوری دنیا توجہ سے سنتی ہے۔راج ناتھ سنگھ نے یاد دلایا کہ وائبرنٹ گجرات کا آغاز 2003 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی نے کیا تھا، جو آج ملک کی اقتصادی ترقی کی ایک بڑی تحریک میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ بیس برسوں میں اس اقدام نے گجرات کی ترقی میں غیر معمولی کردار ادا کیا ہے اور آج گجرات کو بھارت کی اقتصادی ترقی کا انجن سمجھا جاتا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ بعض لوگ سوال کرتے ہیں کہ دفاعی وزیر کا وائبرنٹ گجرات سے کیا تعلق ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ مضبوط معیشت ہی محفوظ ملک کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبے کی ترقی صرف ہتھیاروں کی تیاری تک محدود نہیں بلکہ اس سے صنعت، سرمایہ کاری، روزگار اور مجموعی اقتصادی نظام کو بھی فروغ ملتا ہے۔ دفاعی راہداریاں نئی صنعتوں اور ملازمتوں کے مواقع پیدا کرتی ہیں، جبکہ بدلتے ہوئے تکنیکی ماحول میں ملکی صنعتوں کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ موجودہ عالمی جغرافیائی و سیاسی حالات میں بھارت کا مستقبل اس کی خود انحصاری، تکنیکی صلاحیت اور اجتماعی عزم پر منحصر ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ آنے والے عشروں میں عالمی منظرنامے پر بھارت کا کردار انہی عوامل کی بنیاد پر مزید مستحکم ہوگا۔