سفر حجازکے پورے عمل میں مصنوعی ذہانت کا استعمال ہوگا// کرن رجیجو
سرینگر//مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو نے جمعرات کو اعلان کیا کہ حکومت آئندہ چند دنوں میں حج 2027 کے لیے نئی حج پالیسی کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے حج 2026 کو بھارت کی تاریخ کا بہترین حج قرار دیتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں عازمین نے حکومت کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان اور تشکر کا اظہار کیا ہے۔یو این ایس کے مطابق نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رجیجو نے حج 2027 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ حکومت نے اگلے سال کے حج انتظامات پر کام شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حج 2026 میں تقریباً ایک لاکھ پچھتر ہزار بھارتی عازمین نے شرکت کی اور موصول ہونے والا ردِعمل انتہائی مثبت رہا۔ ان کے مطابق ہزاروں عازمین نے خطوط اور پیغامات کے ذریعے حکومت کا شکریہ ادا کیا جبکہ بھارت کو حج انتظامات میں بہترین کارکردگی پر دو بین الاقوامی اعزازات بھی حاصل ہوئے۔وزیر موصوف نے بتایا کہ رواں سال پہلی مرتبہ ’’شارٹ ڈوریشن حج‘‘ متعارف کرایا گیا، جس کے تحت 10 ہزار عازمین کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا۔ اس اسکیم کے ذریعے حج کے دورانیے کو روایتی 40 تا 45 دن سے کم کرکے 15 تا 20 دن تک محدود کیا گیا، جس سے ملازمت پیشہ افراد اور بزرگ شہریوں کو خاص سہولت فراہم ہوئی۔کرن رجیجو نے کہا کہ وزارتِ اقلیتی امور حج کے پورے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کر رہی ہے اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو حج کے تمام مراحل میں شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ درخواستوں کی وصولی سے لے کر حج کی تکمیل تک پورا عمل اے آئی ایپلی کیشنز کے ذریعے مزید شفاف، تیز اور مؤثر بنایا جائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی حج پالیسی عازمین کو مزید سہولیات فراہم کرنے اور حج انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔










