فرانس میں وزیر اعظم مودی کی عالمی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں

فرانس میں وزیر اعظم مودی کی عالمی کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقاتیں

بھارت عالمی سپلائی چین میں ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد شراکت دار بن رہا ہے// وزیراعظم نریندرمودی

سرینگر// بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے فرانس کے دورے کے دوران عالمی سطح کی بڑی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) سے تفصیلی ملاقاتیں کیں، جن میں بھارت میں جاری اور آئندہ سرمایہ کاری کے منصوبوں، صنعتی توسیع اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر وسیع تبادلہ خیال کیا گیا۔یواین ایس کے مطابق وزیراعظم مودی اس وقت فرانس میں موجود ہیں جہاں انہوں نے جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور اس دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں، جن میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد عالمی اقتصادی تعاون کو فروغ دینا اور بھارت کو ایک اہم سرمایہ کاری مرکز کے طور پر پیش کرنا تھا۔بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق ان ملاقاتوں میں شپنگ، لاجسٹکس، ریلوے، انفراسٹرکچر، تعمیرات، مینوفیکچرنگ اور مصنوعی ذہانت جیسے اہم اور اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بات چیت کی گئی۔وزیراعظم نے فرانسیسی کمپنی کے چیئرمین اور سی ای او روڈولف سادے سے ملاقات کی، جس میں عالمی شپنگ، بندرگاہوں کی ترقی، سپلائی چین مینجمنٹ، جہاز سازی، کنٹینر مینوفیکچرنگ اور لاجسٹکس نیٹ ورک کی توسیع پر گفتگو ہوئی۔ کمپنی نے بھارت میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے، شپنگ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور مہارت کی ترقی کے منصوبوں کا اظہار کیا۔اسی طرح وزیراعظم نے تعمیراتی مواد اور صنعتی حل فراہم کرنے والی عالمی کمپنی سینٹ گلوبین کے چیئرمین بینوآ بازن سے ملاقات کی، جس میں پائیدار تعمیرات، گرین انرجی، اور بھارت میں جاری سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ کمپنی نے بھارت میں اپنی موجودگی مزید وسعت دینے اور نئی سرمایہ کاری کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ریلوے اور ماس ٹرانزٹ کے شعبے میں وزیراعظم نے ’ایسٹام‘کے سی ای او مارٹن سیون سے ملاقات کی، جس میں بھارت میں ریلوے کے جدید نظام، میٹرو منصوبوں، مینوفیکچرنگ اور روزگار کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمپنی نے بھارت میں اپنی صنعتی سرگرمیوں کو مزید بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔مصنوعی ذہانت کے شعبے میں وزیراعظم نے اے آئی مسٹرل کے شریک بانی اور سی ای او آرتھر مینچ سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بھارت کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے اے آئی ایکو سسٹم، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور جدت طرازی کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں فریقین نے مستقبل میں ٹیکنالوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔یو یان ایس کے مطابق وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم مودی نے ان ملاقاتوں میں اس بات پر زور دیا کہ بھارت اب عالمی سطح پر ایک با اعتماد شراکت دارکے طور پر ابھر رہا ہے، جو نہ صرف سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہے بلکہ عالمی سپلائی چین کا ایک مستحکم ستون بھی بنتا جا رہا ہے۔یو این ایس کے مطابق پیرس میں بھارتی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا اب صرف تجارت کی بنیاد پر نہیں چلتی بلکہ اعتماد بھی اتنا ہی اہم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آج عالمی معیشت میں ایک ایسے ملک کے طور پر سامنے آ رہا ہے جس پر طویل مدتی شراکت داری کے لیے اعتماد کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اس وقت ایک بڑے معاشی اور سماجی تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے، جہاں نوجوانوں، خواتین اور کسانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم کے مطابق بھارت آنے والے عشروں میں عالمی ترقی، ٹیکنالوجی اور اختراع میں ایک مرکزی کردار ادا کرے گا۔مودی نے یہ بھی کہا کہ بھارت اور فرانس کے درمیان تعلقات کو اس وقت ایک خصوصی عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کی حیثیت حاصل ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، استحکام اور تعاون کی مضبوط مثال ہے۔