نئی دہلی/یو این آئی//لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے لوگوں سے ماحولیاتی تحفظ کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی روزمرہ کی زندگی میں چھوٹی چھوٹی مثبت تبدیلیاں لا کر ماحولیاتی تحفظ میں اپنا تعاون دیں۔ برلا نے جمعہ کو کہا کہ ماحول نہ صرف ہمارے وجود کی بنیاد ہے ، بلکہ اس کا تحفظ آنے والی نسلوں کے تئیں ہماری سب سے بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ ماحولیات 2026 کے موقع پر آئیے دیکھیں کہ کس طرح ہندوستان کی پارلیمنٹ ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقی اور سرسبز مستقبل کے عزم کو عملی جامہ پہنا رہی ہے ۔ پارلیمنٹ کے احاطے کی ہریالی، صاف ستھرا ماحول، پیپر لیس طریقۂ کار، سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی اور ماحول دوست پارلیمانی عمارت جیسے اقدامات فطرت اور ترقی کے متوازن سنگم کی ایک باعث تحریک مثال پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب پوری دنیا موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج کا سامنا کر رہی ہے ، تو ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنی روزمرہ کی زندگی میں چھوٹی چھوٹی مثبت تبدیلیاں لا کر ماحولیاتی تحفظ میں تعاون کریں۔










