بہار میں مدرسوں کی جانچ ۔ اندرون 10 رپورٹ پیش کرنے کا حکم

بہار میں مدرسوں کی جانچ ۔ اندرون 10 رپورٹ پیش کرنے کا حکم

پٹنہ/ایجنسیز//بہار میں چیف منسٹر سمراٹ چودھری کی قیادت والی این ڈی اے حکومت نے مدارس کے حوالے سے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ریاست کے تمام غیر سرکاری، تسلیم شدہ اور امداد یافتہ مدارس کی جانچ اور معائنہ کا حکم جاری کر دیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے اس سلسلے میں تمام ضلع مجسٹریٹس کو ہدایات ارسال کر دی ہیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق مدارس میں تعلیمی معیار، تدریسی سرگرمیوں اور انتظامی امور کا جائزہ لینے ایک تفصیلی رپورٹ تیار کی جائے گی، جسے 10 دن کے اندر ریاستی حکومت کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔ اس مقصد کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکم نامہ کے مطابق کمیٹی مدارس کا دورہ کرے گی اور اساتذہ و دیگر عملے کی تقرری، حاضری، تدریسی نظام و طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ مدارس میں تعلیم کا معیار مطلوبہ سطح کے مطابق ہے یا نہیں۔ یہ ہدایت محکمہ تعلیم کے سیکریٹری ونود سنگھ گنجیال کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں متعدد غیر سرکاری، تسلیم شدہ اور امداد یافتہ مدارس کام کر رہے ہیں، جہاں تعینات ملازمین کو حکومت کی جانب سے تنخواہوں کے لیے گرانٹ فراہم کی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تعلیمی معیار اور طلبہ کی حاضری کو یقینی بنائے ۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ مدارس کا معائنہ بلاک سطح پر کیا جائے گا۔ ہر متعلقہ بلاک میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی ، جس کی سربراہی بلاک ترقیاتی افسر یا حلقہ افسر کریں گے۔ بلاک تعلیمی افسر کمیٹی کے سیکریٹری ہوں گے جبکہ سرکاری اسکولوں کے سینئر ہیڈ ماسٹرز کو کمیٹی کا رکن بنایا جائے گا۔ ضلع مجسٹریٹ متعلقہ بلاکوں کیلئے کمیٹی کے ارکان نامزد کریں گے۔ اس مقصد کیلئے ضلع تعلیمی افسر سینئر ہیڈ ماسٹرز کی فہرست تیار کرکے ضلع انتظامیہ کو فراہم کرے گا۔ محکمہ تعلیم کے حکم کے مطابق کمیٹی تمام مدارس کا موقع پر جا کر معائنہ کرے گی۔ اس دوران مدرسہ کی عمارت، احاطہ، تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ، عملے اور کلاسوں کی تصاویر بھی لی جائیں گی تاکہ معائنے کے عمل میں شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔ حکم نامہ میں کہا گیا کہ کمیٹی اپنی جانچ مکمل کرنے کے بعد تصاویر اور دیگر شواہد کے ساتھ تفصیلی رپورٹ 10 دن کے اندر محکمہ تعلیم کو پیش کرے گی، جس کی بنیاد پر آئندہ اقدامات کا فیصلہ کیا جائے گا۔